رمضان المبارک میں دکھائے جانے والے خصوصی ڈرامے

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2023
یہ تمام ڈرامے یکم رمضان سے نشر ہوں گے — فوٹو: انسٹاگرام
یہ تمام ڈرامے یکم رمضان سے نشر ہوں گے — فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے موقع پر شائقین کے لیے خصوصی ڈراما سیریز دکھائی جائیں گی۔

رمضان المبارک کے اسپیشل ڈراموں میں آج تک سب سے زیادہ مقبولیت ڈراما ’سنو چندہ‘ نے حاصل کی، اس ڈرامے کے لگاتار دو سال دو سیزن بھی نشر ہوئے جسے شائقین نے بے حد پسند بھی کیا۔

گزشتہ سال ڈراما ’ہم تم‘ بھی بے حد پسند کیا گیا جس میں احد رضا میر، رمشا خان، جنید خان اور سارہ خان شامل تھے۔

چاند تارا

اسی روایت کو قائم رکھتے ہوئے اس رمضان المبارک میں ہدایت کار دانش نواز شائقین کے لیے ایک اور نیا ڈراما لا رہے ہیں جس کا نام ’چاند تارا‘ ہے۔

چاند تارا میں عائزہ خان اور دانش تیمور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، بعد ازاں ڈرامے کی کاسٹ میں عدنان جعفر، صبا فیصل، بہروز سبزواری، دانش نواز اور دیگر شامل ہیں جبکہ اداکارہ غزل صدیق بھی 11 برس بعد ملک واپسی کے بعد اسپیشل کامیڈی پلے میں کردار نبھائیں گی۔

یہ ڈراما صائمہ اکرم چوہدری نے تحریر کیا ہے جنہوں نے اس سے قبل رمضان کے خصوصی ڈرامے تحریر کیے جن میں سنو چندا سیزن ون، سنو چندا سیزن ٹو ، ہم تم، اور عشق جلیبی شامل ہیں۔

انہوں نے عرب نیوز کو انٹرویو میں بتایا کہ ان کے تحریر کردہ رمضان المبارک کے خصوصی سیریز فیملی ڈرامے ہوتے ہیں جن میں ہر عمر کے خاندان کے افراد شامل ہوتے ہیں اور جس میں جوائنٹ فیملی سسٹم کو بھی فروغ دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ فیملی سسٹم کے فائدے اور نقصانات دونوں ہوتے ہیں، ہمارا سسٹم خراب نہیں ہے لیکن ہمیں لوگوں کو وقت دینے کی ضرورت ہے، اس ڈرامے کی ہر قسط کی فیملی سسٹم کے لیے پیغام دیا گیا ہے اور یہی اس چاند تارا کا مرکزی موضوع ہے۔

فیملی بزنس

مہنگائی، ریٹائرمنٹ کے بعد کاروبار کرنے کی جستجو اور ناتجربہ کار خاندان کے گرد گھومتی کہانی ’فیملی بزنس‘ میں گلوکار عاصم اظہر پہلی بار مرکزی ادا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ویب سیریز کے ہدایت کار معروف میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ ہیں، جبکہ عاصم اظہر کے علاوہ سینئر اداکار سیف حسن اور سلمیٰ حسن بھی کاسٹ میں شامل ہیں، اس ویب سیریز کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’تماشا ڈیجیٹل‘ پر نشر کیا جائے گا۔

ڈرامے کی کہانی ایک فیملی کی ہے جو نیا کاروبار شروع کرنے کی کوشش میں رہتا ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ عاصم اظہر کے والد کا کردار ادا کرنے والے اداکار سیف حسن ریٹائرمنٹ کے قریب ہیں اور وہ مستقل میں اپنی فیملی کے مالی اخراجات کے بارے میں فکر مند ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا کہ عاصم اظہر ایک ٹیکنالوجی ایپ بنانا چاہتے ہیں جس کے ذریعے لوگ تازہ سبزی گھر بیٹھے آرڈر کرسکتے ہیں۔

ہیر دا ہیرو

اسپیشل کامیڈی پلے ’ہیر دا ہیرو‘ میں اداکارہ امر خان اور عمران اشرف اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

امر خان اس ڈرامے میں ایک مصروف ٹک ٹاکر ہے جو سوشل میڈیا پر مشغول رہتی ہے اور جو اپنے حالات سے بڑھ کر بڑے بڑے خواب دیکھتی ہے۔

یہ ڈراما امر خان نے ہی تحریر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ 80 اور 90 کی دہائی کے کامیڈی پلے ففٹی ففٹی اور سونا چاندی کو بے حد پسند کرتی ہیں، ڈرامے ہیر دا ہیرو کو 80 اور 90 کی دہائی کے ففٹی ففٹی، سونا چاندی اور انکل عرفی جیسے مشہور سچویشنل ڈراموں سے متاثر ہوکر لکھا۔

ہیردا ہیرو سے قبل اس ڈرامے کا نام جنجال پورہ رکھا گیا ، جس کے حوالے سے امر نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پربھی مداحوں کو آگاہ کیا۔

اس سے قبل بھی امر خان اور عمران اشرف دم مستم فلم میں ایک ساتھ دیکھائی دیے ہیں۔

فیری ٹیل

رواں ماہ رمضان میں نشر ہونے والے مزاحیہ ڈراموں میں سے ایک ’فیری ٹیل‘ (پریوں کی کہانی) ہے جس کی مصنفہ سائرہ مجید اور ہدایت کار علی حسن ہیں۔

جیسا کہ نام سے ہی معلوم ہورہا ہے کہ یہ ڈراما خوابوں کی کہانی ہے جس میں رومانس اور سسپنس ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ میں اداکار علی سفینہ، سلیم شیخ، عدنان رضا میر اور سلمیٰ حسن شامل ہیں۔

ڈرامے میں کاروباری شخصیت فرجاد خان کا کردار ادا کرنے والے اداکار حمزہ سہیل نے بتایا کہ یہ ایک ’پریوں کی کہانی جس کا مرکزی خیال ناظرین کو جادوئی، خوابیدہ، ہلکے پھلکے اور دل لگی کے سفر پر لے جانا ہے، اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ناظرین کی بڑی تعداد رمضان شوز دیکھتی ہے اور سب کی نظریں ان پر لگی ہوتی ہیں۔‘

رخ ما روشن

رمضان کے خصوصی ڈراموں کی فہرست میں ’رخِ ما روشن‘ بھی شامل ہیں، جس میں منیب بٹ اور کومل میر مرکزی کردار ادا کرر ہے ہیں۔

ڈرامے میں منیب بٹ اور کومل میر کے علاوہ معروف اداکارہ شمیم ہلالی اور زینب قیوم بھی اہم کرداروں ادا کر رہی ہیں۔

منیب بٹ نے بتایا کہ ’یہ رومانوی اور معصومیت سے بھرپور کہانی ہے، یہ ڈراما ایک ایسے جوڑے کے بارے میں ہے جو ایک دوسرے سے لڑتے رہتے ہیں، ان کی ایک دوسرے کے ساتھ کیمسٹری مضحکہ خیز ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کو ناظرین بے حد پسند کریں گے کیونکہ اس میں رومانس کے ساتھ مزاح بھی شامل ہے۔’

یہ ڈراما سمرہ بخاری نے تحریر کیا ہے جبکہ ذیشان احمد نے ہدایت دی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں