امریکی ریاست آرکنساس میں طوفانی بگولوں سے تباہی، دو افراد ہلاک متعدد زخمی

01 اپريل 2023
امریکی ریاست میں طوفانی بگولوں سے تباہی مچ گئی: فوٹو: ٹوئٹر
امریکی ریاست میں طوفانی بگولوں سے تباہی مچ گئی: فوٹو: ٹوئٹر

امریکی ریاست آرکنساس اور دیگر علاقوں میں طوفانی بگولوں سے آنے والے والی تباہی میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق آرکنساس میں تباہ کن طوفانی بگولوں کی وجہ سے گھروں کی چھتوں اور دیواروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جکبہ گاڑیاں الٹنے کے ساتھ ساتھ درخت اور بجلی کے کھنبے بھی گر گئے ہیں جس کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گھنٹوں بعد ایک اور طوفان بگولے نے شمالی الینوائے میں ایک آڈیٹوریم کی چھت کو اڑا دیا جس کی وجہ سے چھت گر گئی جہاں ایک راک بینڈ اسٹیج پر پرفارم کر رہا تھا۔

وسکونسن کی سرحد کے قریب دریا کے کنارے واقع شہر بیلویڈیر میں فائر چیف شان شیڈل نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے اور 28 دیگر کو ایمبولینس کے ذریعے علاقے کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جن میں سے پانچ شدید زخمی ہیں۔

یونیورسٹی آف آرکنساس فار میڈیکل سائنسز ہسپتال ریاست کے دارالحکومت اور سب سے زیادہ آبادی والے شہر لٹل راک میں طوفانی بگولوں کے بعد لیول-1 بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

حکام نے کہا کہ لٹل راک میں تقریباً 30 افراد کو فائر ڈپارٹمنٹ اور دیگر ایمرجنسی اہلکاروں نے زخمی حالت میں علاقے کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

پولیس نے کہا کہ شہر کے مغربی سرے کے کئی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں میئر نے املاک کے نقصان کو وسیع قرار دیا۔

ٹیلی ویژن اسٹیشن کے ٹی ایچ وی ٹی وی نے نارتھ لٹل راک میں طوفان سے ایک ہلاکت کی اطلاع دی لیکن اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

ایڈمنسٹریٹر کیون برٹن نے بتایا کہ قریبی جیکسن ویل کے یونٹی ہیلتھ ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں پانچ سے 10 مریضوں کو طبی امداد دیا گیا۔

کے اے ٹی وی نے شدید تباہ کن ہائی اسکول کی تصاویر پوسٹ کیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گرج چمک کے ساتھ آنے والے مہلک بگولے نے مسیسیپی کے شہر رولنگ فورک کو تباہ کر دیا جہاں کمیونٹی کے 400 گھروں میں سے بہت سے تباہ ہوگئے اور 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

گورنر سینڈرز نے کہا کہ انہوں نے ہنگامی ردعمل میں مدد کے لیے نیشنل گارڈ کے تقریباً 100 دستوں کو سرگرم کیا ہے اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس اور ریکوری فنڈ سے فوری طور ڈھائی لاکھ ڈالر کی منظوری کے لیے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں۔

قومی ادارہ برائے موسمیات نے کہا کہ آرکنساس، ٹینیسی، الینوائے اور آئیووا میں کم از کم تین درجن غیر مصدقہ طوفانی بگولوں کی خبروں کا سراغ لگا رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں