بلوچستان: تفتان بازارچہ بزنس گیٹ وے 9 سال بعد آج دوبارہ کھولا جائے گا

08 اپريل 2023
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد گیٹ وے کو باقاعدہ تجارت کے لیے بھی کھول دیا جائے گا— فائل فوٹو / آئی ایس پی آر
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد گیٹ وے کو باقاعدہ تجارت کے لیے بھی کھول دیا جائے گا— فائل فوٹو / آئی ایس پی آر

حکومت نے تفتان بازارچہ بزنس گیٹ وے 9 سال بعد آزمائشی بنیادوں پر (آج) سے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 2014 میں سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز ، نیشنل لا جسٹک سیل کے اعلیٰ حکام اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کاروباری رہنما تفتان پہنچے۔

کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا طویل عرصے سے بازارچہ گیٹ وے کھولنے کا مطالبہ رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بازارچہ گیٹ وے کی بندش سے چھوٹے کاروبار متاثر ہوئے اور مقامی افراد کی ملازمتیں ختم ہوئیں۔

جمعہ کو کوئٹہ چیمبر کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی، سینئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی اور نائب صدر سید عبدالاحد آغا نے آزمائشی بنیادوں پر تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کا افتتاح کیا۔

سینئر نائب صدر آغا گل خلجی نے بتایا کہ بازارچہ گیٹ وے دوبارہ کھلنا مقامی کاروبار کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد گیٹ وے کو باقاعدہ تجارت کے لیے بھی کھول دیا جائے گا، جس سے کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا اور مقامی افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

قبل ازیں، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کسٹم کے ساتھ بزنس ٹرمینل کی تعمیر، سرحد پر فینسنگ اور بازارچہ گیٹ وے پر دیگر کام کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو، این ایل سی، کوئٹہ چیمبر، مقامی قبائل اور پولیس نے بھی گیٹ وے دوبارہ کھولنے کے لیے انتظامات کیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں