سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع

11 اپريل 2023
علی امین گنڈاپور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا—فوٹو:ٹوئتر
علی امین گنڈاپور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا—فوٹو:ٹوئتر

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریکِ انصاف علی امین گنڈا پور کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روز کی توسیع کردی۔

علی امین گنڈاپور پر مبینہ آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے دھمکی دینے کے الزام میں تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو ایک گھنٹے کی تگ و دو کے بعد پشاور ہائی کورٹ ڈیرہ اسمٰعیل خان بینچ کی عمارت کے باہر سے 6 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔

علی امین گنڈاپور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اے ٹی سی جج راجا جواد عباس نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے علی امین گنڈاپور کو روسٹرم پر بلا کر استفسار کیا کہ آپ کو ٹارچر تو نہیں کیا گیا؟

جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا کہ پولیس کی جانب سے دہشت گردی کی دفعات ہٹا دی ہیں، اب متعلقہ عدالت میں پیش کر سکتے ہیں، معاون وکیل نے کہا کہ ہماری استدعا ہے بابر اعوان پہنچنے والے ہیں، تھوڑا انتظار کر لیا جائے، جج راجا جواد عباس حسن نے کہا کہ دہشت گردی کی دفعات ہٹا دی گئیں ہیں، آپ کیا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کی دفعات نہ ہٹائی جائیں۔

معاون وکیل نے کہا کہ ہم اس پر دلائل دینا چاہتے ہیں، پہلے دہشت گردی کی دفعات لگا کر عدالت کا وقت ضائع کیا گیا، جج راجا جواد عباس حسن نے کہا کہ چلیں ہم دونوں سائیڈ کو دس ،دس منٹ سن لیتے ہیں۔

عدالت نے بابر اعوان کی آمد تک سماعت میں وقفہ کر دیا، پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک اور اسدقیصر بھی کمرہ عدالت میں پہنچ گئے، وکیل بابراعوان اےٹی سی کمرہ عدالت میں پہنچے اور دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر نے کل عدالت کا وقت ضائع کیا، تفتیشی افسر نے وکیلوں کا وقت بھی ضائع کیا، ملزم کو ذلیل و خوار کیا، علی امین گنڈاپور کے خلاف نجی چینل مدعی نہیں۔

وکیل بابراعوان نے کہا کہ عدالتی وقت ضائع کرنے پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیاجائے، چھ ماہ بعد میجسٹریٹ نے جھوٹ پر مبنی مقدمہ درج کیا، مدعی مقدمہ چھ ماہ سے سویا ہوا تھا، جج نے وکیل بابراعوان سے استفسار کیا اسے ایمانداری نہیں کہیں گے کہ دہشت گردی کی دفعات ہذف کردیں؟ میں اس عمل کو چوروں کی بارات کہوں گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مریم نواز نے کہا کہ دو ججز آپس میں بات کررہےہیں، یا ججز کو ٹھوکو یا مریم نواز کو ٹھوکو، جج نے ریمارکس دیے کہ سیاسی بات نہ کریں، اےٹی سی جج نے علی امین گنڈاپور کو اسلام آباد کی ضلعی کچہری لے جانے کی ہدایت کردی۔

بعد ازاں علی امین گنڈاپور کو مبینہ آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے دھمکی دینے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سول جج اختشام عالم خان کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔

دوران سماعت پراسیکیوٹر کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا مزید جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی استدعا کی گئی۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل بابر اعوان نےدلائل جاری رکھتے ہوئے ایف آئی آر کا متن پڑھا، بابر اعوان نے کہا کہ مجسٹریٹ کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی، ٹی وی چینل پر وائس سنی اور مقدمہ درج کروایا گیا وہ بھی چھ ماہ کے بعد کروایا گیا، کہتے ہیں علی امین گنڈاپور کی وائس میچ کرنی ہے، تو وائس میچ یہاں کر لیں ،وہ وقت چلا گیا جب وائس میچ کرنا مشکل تھا۔

بابر اعوان نے کہا کہ پولیس کی بدنیتی دیکھیں کہ پہلے اے ٹی سی کورٹ پیش کیا اور اب دہشت گردی کی دفعات ہٹادیں، آج کل ٹیکنالوجی بہت ایڈوانس ہو گئی ہے وائس میں ایڈٹگ کرنا کوئی مشکل نہیں، بابر اعوان نے اپنے دلائل مکمل کرتے ہوئے ایک ویڈیو ریکارڈنگ پیش کی اور مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ وائس میچنگ کی بنیاد پر ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ہوا ہے، کیا پراگریس ہے، پراسیکیوٹر نے کہا کہ پیمرا سے ریکارڈنگ مانگی ہے جس کا پراپر ایک پراسیجر ہے،اس کے بعد ایف آئی اے میں جانا ہے، وائس میچنگ ایف آئی اے میں ہونی ہے۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ بندوقیں کتنی ہیں ،بندے کتنے تھے، اس کا کیا مطلب ہے مطلب واضح ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو ایک دن کا جسمانی ریمانڈ ملا اس میں آپ نے کیا کیا، پراسیکیوٹر نے کہا کہ سر ہم نے صرف وائس میچنگ نہیں کروانی، بلکہ اسلحہ برآمد کرنا ہے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جب کہ اس دوران علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کے لیے تھانہ سی ٹی ڈی کے اہلکار کچہری پہنچ گئے تاکہ مقدمہ سے ڈسچارج ہونے کی صورت میں سی ٹی ڈی اہلکار انہیں گرفتار کرلیں جب کہ وہ تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ میں زیر حراست ہیں اور اسلام آباد پولیس نے عدالت سے ان کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر رکھی ہے۔

بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

علی امین گنڈاپور کے جسمانی ریمانڈ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کا اس سے قبل ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور ہوا جو تفتیشی افسر کی نظر میں ناکافی تھا، وقت کی کمی کے باعث پیمرا سے تفتیشی افسر علی امین گنڈاپور کی ڈی وی ڈی حاصل نہیں کرسکے، علی امین گنڈاپور کی لیبارٹری سے وائس میچنگ کروانا ضروری ہے، علی امین گنڈاپور کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیاجاتاہے، تفتیشی افسر جامع تفتیش کے ساتھ اگلی سماعت پر حاضر ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں علی امین گنڈاپور نے ایک دھمکی آمیز آڈیو جاری کی تھی جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اپنے ایک آڈیو پیغام میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا میرا پیغام پی ڈی ایم کی امپورٹڈ حکومت کو ہے کہ اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو عوام کی طاقت سے اسلام آباد پر چڑھائی کر کے قبضہ کر لیں گے۔

رواں ماہ 6 اپریل کو علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرلیا گیا تھا، بعدازاں خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل کی مقامی عدالت نے پولیس کی جانب سے دائر 2 مقدمات میں انہیں بری کردیا تھا جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں دائر مختلف مقدمات میں انہیں 6 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے کنٹونمنٹ پولیس اسٹیشن میں علی امین گنڈاپور کے خلاف درج 2 ایف آئی آرز میں مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایک مقدمے میں ان پر سڑک بند کرنے، اسکول اور دفاتر کے اوقات میں حکومت کے خلاف نعرے لگانے اور طلبہ کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرنے کا الزام ہے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے انتظامیہ کی جانب نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوگوں کو جمع کیا، ان کے خلاف ایف آئی آر تعزیرات پاکستان (پی پی سی) کے سیکشن 147، 341 اور 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری ایف آئی آر گزشتہ برس درج کی گئی تھی جب علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری سے متعلق آڈیو ریلیز کی تھی، ان پر حکومت اور قومی اداروں کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے کا الزام تھا۔

اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ گولڑہ پولیس اسٹیشن میں ریاست کے خلاف سازش اور دہشت گردی کے اقدام پر درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزم نے اپنے حامیوں کو قومی اداروں کے خلاف مسلح جنگ کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں