• KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am
  • KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am

وانا پولیس اسٹیشن سے لوٹا گیا اسلحہ شدت پسندوں سے برآمد، پولیس

شائع April 11, 2023
—فوٹو:ڈی پی او
—فوٹو:ڈی پی او

جنوبی وزیرستان کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے وانا کے ایک تھانے سے لوٹا گیا اسلحہ اور گولہ بارود عسکریت پسندوں کے قبضے سے برآمد کرلیا۔

گزشتہ سال 20 دسمبر کو تقریباً 50 عسکریت پسندوں نے وانا میں ایک پولیس اسٹیشن پر دھاوا بولا تھا اور وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) شبیر حسین مروت کے مطابق جنوبی وزیرستان کی پولیس نے ضلع کے گاؤں اعظم ورسک میں آپریشن کیا اور دسمبر میں وانا کے ایک تھانے سے لوٹا گیا اسلحہ اور گولہ بارود عسکریت پسندوں کے قبضے سے برآمد کرلیا۔

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈی پی او شبیر حسین مروت نے کہا کہ ان کی ہدایت پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر گزشتہ رات آپریشن کیا گیا اور بن یامین کے نام سے شناخت کیے گئے ایک شخص کے گھر سے لوٹا ہوا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

جاری کردہ بیان کے مطابق برآمد ہونے والی اشیا میں سب مشین گن،2 میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، 2 وائرلیس سیٹ، 2 موبائل فون، 3 بیلٹس،3 آر پی جی وار ہیڈز سمیت گیارہ دستی بم، 5 کلو بارود، ایک ہزار 126 راؤنڈز، 3 دیسی ساختہ دھماکاخیز ڈیوائسز(آئی ای ڈی) ایک گیس گن، ایک ٹارچ، 2 بیگ اور ایک ہیلمٹ شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 20 دسمبر کو کیے گئے حملے میں زخمی ہونے والا کانسٹیبل الیاس دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ڈی پی او نے آپریشن کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’جنوبی وزیرستان پولیس نے مادر وطن کے دفاع کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس کے کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کی پولیس ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024