وزیر اعظم بادشاہ چارلس سوئم کی تاجپوشی میں شرکت کیلئے برطانیہ کا دورہ کریں گے

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023
وزیر اعظم 6 مئی کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہوں گے — فائل فوٹو: ٹوئٹر/پی ایم ایل این
وزیر اعظم 6 مئی کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہوں گے — فائل فوٹو: ٹوئٹر/پی ایم ایل این

وزیر اعظم شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کنسورٹ کیمیلا کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے مئی کے پہلے ہفتے میں برطانیہ کا دورہ کریں گے۔

74 سالہ چارلس گزشتہ سال ستمبر میں ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد بادشاہ بنے تھے، شاہی روایت کے مطابق برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کچھ مہینوں بعد قومی سوگ اور بھرپور تیاریوں کے بعد ہوتی ہے۔

کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد ہوگی، تقریب میں آئرلینڈ، فرانس، اسپین، بیلجیئم، جاپان، ہنگری اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر سے سربراہان مملکت کی شرکت متوقع ہے۔

قبل ازیں بکنگھم پیلیس نے کہا تھا کہ شہزادہ ہیری بھی اپنی اہلیہ میگھن کے بغیر تاجپوشی میں شرکت کریں گے، یہ اعلان جوڑے کی تقریب میں شرکت کے حوالے سے کئی ہفتوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد سامنے آیا جنہوں نے 2020 کے اوائل میں شاہی فرائض چھوڑ دیے تھے۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم 5 مئی کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے اور 6 مئی کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

ترجمان نے کہا کہ توقع ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ان تقریبات میں شریک رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو پاکستانی۔برطانوی کمیونٹی میں مضبوطی سے جڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم برطانوی بادشاہ اور شاہی خاندان کو پاکستان اور اس کے عوام کے دوست کے طور پر دیکھتے ہیں اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔

وزیر اعظم نے گزشتہ سال لندن میں کنگ چارلس سوئم سے ملاقات کی تھی اور ملکہ الزبتھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں