جنوبی کوریا کے ڈرامے اور فلمیں دنیا بھر میں مشہور ہیں اور شائقین اسے بے حد شوق سے دیکھتے ہیں، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیٹ فلکس نے جنوبی کوریا میں ڈھائی ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول رواں ہفتے امریکا کے پہلے سرکاری دورے پر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے اپنی پہلی ملاقات امریکی صدر جو بائیڈن کے بجائے امریکی اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے شریک بانی ٹیڈ سرینڈوس سے کی۔

ملاقات کے بعد نیٹ فلکس نے اعلان کیا کہ وہ اگلے 4 سالوں میں نیٹ فلکس پر کوریائی مواد کیلئے 2 ارب 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، جو نیٹ فلکس کی جانب سے اب تک جنوبی کوریا کے مواد کیلئے خرچ کی گئی سب سے خطیر رقم ہے۔

کمپنی کے شریک بانی نے کہا کہ جنوبی کوریا کے ڈراموں اور فلموں کی کہانیاں پوری دنیا میں مشہور ہیں، اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں نیٹ فلکس کے 23 کروڑ 30 لاکھ صارفین میں سے 60 فیصد سے زائد صارفین جنوبی کوریا کی فلمیں، ڈرامے اور رئیلٹی شوز دیکھتے ہیں۔

جنوبی کوریا کے صدر کی نیٹ فلکس کے شریک بانی سے ملاقات—فوٹو: رائٹرز
جنوبی کوریا کے صدر کی نیٹ فلکس کے شریک بانی سے ملاقات—فوٹو: رائٹرز

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صرف نیٹ فلکس ہی نہیں جنوبی کوریا کے مواد سے فائدہ اٹھانا چاہتے بلکہ اس کے علاوہ ڈزنی پلس، ایپل ٹی وی اور ایشیا کا ویو ٹی وی بھی جنوبی کوریا میں سرکاریہ کاری کررہا ہے۔

2021 میں جنوبی کوریا کی بنائی گئی’اسکویڈ گیم’ نیٹ فلکس کی اب تک کی سب سے مقبول سیریز ہے جس کی لانچنگ کے بعد پہلے 28 دنوں میں اسے 11 کروڑ 10 لاکھ صارفین نے اسٹریم کیا۔

اسکویڈ گیم کے ساتھ ساتھ جنوبی کوریا کی دیگر سیریز بھی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہیں جن میں آل آف اَس آر ڈیڈ ( All of Us Are Dead) ، دی گلوری (سیزن ون) اور ایکسٹرا آرڈینری اٹارنی وو (Extraordinary Attorney Woo) شامل ہیں۔

یورپی ممالک کے علاوہ بھارت، بنگلادیش اور پاکستان میں بھی جنوبی کوریا کے ڈرامے اور فلمیں بہت شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔

آج ہم آپ سے اب تک کی سب سے بہترین اور شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ پسند کی جانے والی سیریز کی فہرست شئیر کرررہے ہیں:

دی گلوری (سیزن ایک اور دو)

دی گلوری سیزن ون کی کُل 16 اقساط ہیں جس میں اداکارہ سونگ ہائے کیو (Song Hye-kyo) نے اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔

مختصراً اگر بات کی جائے تو یہ کہانی یہ ایک ایسی خاتون کی ہے جسے ہائی اسکول میں کئی سالوں تک ہولناک تشدد اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا تاہم کسی طرح وہ اپنی پڑھائی مکمل کرکے مجرموں سے بدلہ لینے کی تیاری کرتی ہے۔

اس سیریز کو دو حصوں میں ریلیز کیا گیا ہے، دی گلوری کا پہلا حصہ 2019 میں جبکہ دوسرا حصہ رواں برس ریلیز ہوا تھا، اس سیریز کو 90 سے زیادہ ممالک میں سب سے زیادہ دیکھا گیا ہے۔

ایکسٹرا آرڈینری اٹارنی وو (Extraordinary Attorney Woo)

اس سیریز کی بھی کُل 16 اقساط ہیں جس میں اداکارہ پارک ایون بن (Park Eun-bin) نےآٹزم کی شکار ایک نوجوان خاتون وکیل کا کردار ادا کیا ہے۔

اس سیریز میں آٹزم کے شکار لوگوں سے متعلق رہنمائی اور شعور پیدا کرنے کے حوالے سے آگاہی دی گئی ہے تاہم، کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ جنوبی کوریا میں آٹزم کے شکار لوگوں کی حقیقت سے بہت دور ہے.

نفسیاتی ماہرین کے مطابق آٹزم ایک پیچیدہ بیماری ہے جو عام طور پر بچپن میں ظاہر ہوتی ہے۔ یہ ایک انسان کی معاشرتی زندگی، تعلقات اور اظہار خیال کی اہلیت کو متاثر کرکے اس پر مختلف طریقوں سے اثرانداز ہوتی ہے۔

آل آف اَس آر ڈیڈ ( All of Us Are Dead)

اس سیریز کی کہانی زومبیز کے گرد گھومتی ہے جو اسکول میں پھنسے بچوں کو بھی ایک خطرناک وائرس کے ذریعے زومبیز میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی کورین سیریز میں سے ایک ہے، اس سیریز کے دوسرا سیزن جاری کرنے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں