خیبرپختونخوا پولیس نے مرئی چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بڑی تعداد میں گولہ بارود اور مہلک بھاری ہتھیار برآمد کرلیے اور 4 لیویز اہلکاروں سمیت 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

کوہاٹ پولیس کے پبلک ریلیشن افسر (پی آر او) فضل نعیم کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرتے پکڑے گئے ملزمان میں لیویز فورس کے 4 اہلکار بھی شامل ہیں۔

کوہاٹ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) آپریشنز زاہد خان کے مطابق ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ سرکاری پک اَپ گاڑی میں غیر قانونی طور پر اسمگل کی جارہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گولہ بارود اور ہتھیاروں میں راکٹ لانچر، اینٹی ائیر کرافٹ گن، 18 راکٹ گولے اور 20 راکٹ شیل بوسٹرز شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی میں زیر حراست افراد کے قبضے سے 13 دستی بم، 2 ایس ایم جی گن، ہلکے و بھاری ہتھیاروں کے 3 ہزار کے قریب کارتوس اور مشین گن اسٹینڈ بھی برآمد کیے گئے۔

ایس پی آپریشنز نے میڈیا کو بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں پکڑے گئے ہتھیار اور گولہ بارود تخریب کاری کے کسی منصوبے کے لیے اورکزئی سے درہ آدم خیل اسمگل کیے جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کی کوشش ناکام بنانے کی کارروائی آر پی او کوہاٹ شیر اکبر خان اور ڈی پی او جمیل الرحمٰن کی قیام امن اور کاؤنٹر کرائمز کے حوالے سے وضع کردہ جامع پلان کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہتھیار اور گولہ بارود اسمگل کرنے کا مقدمہ تھانہ استرزئی میں درج کر لیا گیا ہے، اسلحے اور گولہ بارود کی اسمگلنگ میں ملوث لیوی خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

زاہد خان نے بتایا کہ ملزمان بشمول پولیس اہلکاروں سے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی اسمگلنگ کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، ملزمان سے تخریب کاری سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے جن سے اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں