کوٹ ادو: گھر میں پراسرار دھماکا، 6 افراد جاں بحق، 2 زخمی

اپ ڈیٹ 01 جون 2023
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں ایک گھر میں پراسرار دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کباڑ کا کام کرتے تھے، دھماکے کے وقت بھی کباڑ کی چھانٹی کی جا رہی تھی۔

ریسکیو 1122کے مطابق واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، بعد ازاں زخمی ہونے والا بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دھماکا کس چیز کا تھا۔

ریسکیو نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے شخص کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) کوٹ ادو منتقل کردیا ہے۔

مظفرگڑھ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر سید حسنين حیدر موقع پر پہنچ گئے، ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس، واقعے کی رپورٹ طلب

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوٹ ادو کے قریبی قصبہ دائرہ دین پناہ میں دھماکے کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور آئی جی سے افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں