• KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:23am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:31am Sunrise 7:00am
  • KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:23am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:31am Sunrise 7:00am

شرمین عبید چنائے کا اعزاز، عالمی شخصیات کے ساتھ ویڈیو سیریز ریلیز

شائع June 2, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے معروف فیشن برانڈ ’گوچی‘ کی ویڈیو سیریز جاری کردی۔

شرمین عبید چنائے نے فیشن برانڈ کی خواتین کو خودمختار بنانے کی عالمی مہم ’گوچی چائم‘ کے لیے 35 ویڈیوز پر مبنی سیریز کی ہدایت کاری کی ہے، جس کا آغاز یکم جون سے ہوگیا اور سیریز کی چند مختصر ویڈیوز بھی جاری کردی گئیں۔

’گوچی چائم‘ سے قبل شرمین عبید چنائے نے گزشتہ برس امریکی ویب سیریز ’مس مارول‘ کی ہدایات بھی دی تھیں جب کہ وہ جلد ہی شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم ’اسٹار وارز‘ کی سیریز کی ہدایت کاری کرتی دکھائی دیں گی۔

علاوہ ازیں شرمین عبید چنائے امریکا سمیت دیگر ممالک کے متعدد عالمی منصوبوں میں بھی کام کر رہی ہیں اور وہ متعدد دستاویزی فلموں، خصوصی ویڈیوز اور ویب سیریز کی ہدایت کاری کرتی دکھائی دیں گی۔

آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز سائنس فکشن ہولی وڈ فلموں کے علاوہ دیگر منصوبوں کی ہدایت کاری بھی کرتی دکھائی دیں گی۔

’گوچی چائم‘ کے حوالے سے شرمین عبید چنائے نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ عالمی مہم کے لیے 35 ویڈیوز کی سیریز بنا رہی ہیں۔

وہ جن شخصیات کی ویڈیوز بنائیں گی ان میں سلمیٰ ہائیک، جولیا رابرٹ، جولیا گارنر، ادریس ایلبا، عالیہ بھٹ، سیرینا ولیمز اور جان لیجنڈ سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔

مجموعی طور پر شرمین عبید چنائے ’گوچی چائم‘ کے لیے 35 ویڈیوز اور مختصر دستاویزی فلمیں بنائیں گی، جنہیں یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ریلیز کیا جائے گا اور مذکورہ مہم کے آغاز یکم جون سے ہوچکا۔

شرمین عبید چنائے کے علاوہ گوچی کی جانب سے بھی سیریز کی ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں اور عالمی فیشن برانڈ نے آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ ’گوچی چائم‘ نامی مہم کو 10 سال قبل شروع کیا گیا تھا، اس مہم کا مقصد دنیا بھر کی خواتین اور ٹرانس جینڈرز کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔

مذکورہ مہم کے تحت اب تک گوچی کروڑوں ڈالر کا فنڈ جمع کر چکا ہے اور مہم کے تحت دنیا کے 90 ممالک میں لاکھوں خواتین اور بچیوں کو 500 سے زائد مختلف منصوبوں کے تحت مالی و فنی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 دسمبر 2024
کارٹون : 6 دسمبر 2024