• KHI: Maghrib 6:32pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 6:04pm Isha 7:26pm
  • ISB: Maghrib 6:10pm Isha 7:33pm
  • KHI: Maghrib 6:32pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 6:04pm Isha 7:26pm
  • ISB: Maghrib 6:10pm Isha 7:33pm

خاتون جج دھمکی کیس: وارنٹ کی تعمیل کیلئے پولیس کی زمان پارک آمد

شائع June 4, 2023
عدالت نے پولیس کو عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پر وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت دی تھی—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
عدالت نے پولیس کو عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پر وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت دی تھی—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

اسلام آباد پولیس نے خاتون جج دھمکی کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی وفاقی دارالحکومت کی عدالت میں پیشی کے لیے وارنٹ زمان پارک پہنچا دیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ وارنٹ عمران خان کی لاہور میں زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پر بھیجے گئے جن کے مطابق وہ 8 جون کو خاتون سیشن جج کو دھمکیاں دینے کے کیس میں پیش ہوں گے۔

عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا کہ عدالت نے ان کے مؤکل کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے پولیس کو عمران خان کی زمان پارک میں واقع رہائش گاہ پر وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت دی تھی۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’عمران خان پر درج خاتون جج دھمکی کیس جس میں عدالت کی طرف سے قابل ضمانت وارنٹ ہوئے تھے، جس پر معزز عدالت کی جانب سے حکم جاری ہوا تھا کہ پولیس وارنٹ کی تعمیل زمان پارک جا کر کروائے‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس وارنٹ کی صرف تعمیل کے لیے پولیس زمان پارک آئی تھی کہ عمران خان 8 جون کو عدالت میں پیش ہوں‘۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ گزشتہ سال اگست میں عمران خان کی جانب سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری پر تنقید کے بعد درج کیا گیا تھا جنہوں نے بغاوت کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع کی تھی تاہم بعدازاں عمران خان نے جج سے معافی مانگ لی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024