• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:31pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:32pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:31pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:32pm

شعیب اختر کا پہلی بار شادی اور اہلیہ سے متعلق انکشاف

سابق کرکٹر نے 2014 میں شادی کی تھی1فوٹو: ڈان/ یاور عباس
سابق کرکٹر نے 2014 میں شادی کی تھی1فوٹو: ڈان/ یاور عباس

سابق قومی کرکٹر اور فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے پہلی بار شادی اور اہلیہ پر بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ ان سے کافی چھوٹی ہیں۔

شعیب اختر حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت شادی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے شادی کی۔

سابق کرکٹر نے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ وہ جب ایف اے میں پڑھ رہے تھے تب ہی وہ کرکٹ میں آگئے، جس وجہ سے وہ ایف اے کا ایک پرچہ بھی نہیں دے سکے تھے اور تاحال وہ مذکورہ پرچہ نہیں دے سکے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کی بہت خدمت کرتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے انہوں نے جس چیز کی خواہش کی، وہ انہیں ملتی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے آج تک اپنی والدہ کی کسی بات پر انکار نہیں کیا، ان کی والدہ انہیں جو حکم دیتی ہیں، وہ سر جھکا کر اس پر عمل کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ہی انہیں ہر چیز ملتی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ نو عمری میں وہ والدہ کے پاؤں دباتے وقت خدا سے جو دعا مانگتے تھے وہ پوری ہوجاتی تھی۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شعیب اختر نے بتایا کہ ان کی شادی ان کے والدین نے اچانک طے کی تھی اور انہیں حکم دیا گیا، جس پر انہوں نے عمل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی ساس اور ان کی والدہ پہلی بار حج کے موقع پر سعودی عرب میں ایک دوسرے سے ملی تھیں، جہاں ان کی ساس نے ان کی والدہ کو پیرنی سمجھ کر ان کی بہت خدمت کی۔

سابق کرکٹر کے مطابق ان کی والدہ نے ان کی ساس کو بتایا کہ وہ پیرنی نہیں بلکہ شعیب اختر کی والدہ ہیں، جس کی وجہ سے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔

شعیب اختر کے مطابق حج سے واپسی پر والدہ نے کھانے کی دعوت پر انہیں ان کی ہونے والی اہلیہ سے ملوایا اور کہا کہ یہ ان کی دلہن ہیں۔

ان کے مطابق مذکورہ ملاقات کے بعد ان کی شادی طے کی گئی، جس میں دونوں خاندانوں کے چند افراد نے شرکت کی اور ان کی شادی انتہائی سادگی سے ہوئی اور وہ دلہن کو بیاہ کر گھر لے آئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ شادی سمیت دیگر معاملات پر فضول اخراجات کرنے کے حق میں نہیں لیکن وہ دوسروں کو شادی وغیرہ پر خرچ کرنے سے نہیں روکتے۔

شعیب اختر نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ان سے کافی چھوٹی ہیں اور اب ان کے دو بیٹے بھی ہو چکے ہیں۔

اہلیہ کے میڈیا میں آنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر شعیب اختر نے دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ خود میڈیا پر نہیں آنا چاہتیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ان کی اہلیہ سیکولر ذہنیت کی مالک ہیں لیکن وہ میڈیا میں آنے کے معاملے میں تنگ نظر ہیں اور وہ خود نہیں آنا چاہتیں، اس لیے وہ ان پر دباؤ بھی نہیں ڈالتے۔

شعیب اختر نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پہلے اہلیہ کو میڈیا میں آنے اور دیگر تقریبات میں ساتھ چلنے کا کہا لیکن وہ نہیں مانیں جس کے بعد اب وہ انہیں نہیں بولتے۔

اسی دوران انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جانب سے اہلیہ پر کوئی بندش نہیں، البتہ وہ پردے کے حق میں ہیں اور وہ اہلیہ کو پردہ کرنے کا کہتے ہیں، کیوں کہ پردہ خدا کا حکم ہے۔

دوسری شادی کے سوال پر شعیب اختر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اسلام میں چار شادیاں کرنے کی اجازت ہے لیکن ان کے لیے ایک ہی بیوی کافی ہے، وہ دوسری شادی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خدا نے انہیں پاک دامن، خوبصورت اور اچھی بیوی دی ہے، وہ کیوں دوسری شادی کریں گے اور یہ کہ مرد حضرات کا کردار ایسا ہونا چاہیے کہ ان کی بیویاں انہیں آئیڈیل سمجھیں اور ان کے لیے وہ متاثر کن شخصیت بن جائیں۔

خیال رہے کہ شعیب اختر نے جون 2014 میں خیبرپختونخوا (کے پی) کے شہر ہری پور میں خود سے 18 سال کم عمر رباب سے شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش 2016 میں ہوئی تھی اور بعد ازاں انہیں ایک اور بیٹا ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024