ویرات کوہلی کی شادی کو کرکٹ کیریئر سے جوڑنے پر شعیب اختر سے مداح نالاں

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2022
لوگوں نے شعیب اختر کے اپنے کیریئر پر بھی بات کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
لوگوں نے شعیب اختر کے اپنے کیریئر پر بھی بات کی—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کے کیریئر کو ان کی شادی سے جوڑنے پر سابق پاکستانی کرکٹر اور فاسٹ بالر شعیب اختر کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور لوگ ان کی بات سے اختلاف کرتے دکھائی دیے۔

شعیب اختر نے حال ہی ایک بھارتی نیوز آؤٹ لیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویرات کوہلی کی شادی ان کے کیریئر کے آڑے آئی اور ساتھ ہی کہا تھا کہ اگر وہ ان کی جگہ ہوتے تو شادی ہی نہ کرتے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل’ (اے این آئی) کی جانب سے شیئر کردہ شعیب اختر کی مختصر ویڈیو کلپ میں انہیں بھارتی نیوز آؤٹ لیٹ کے ساتھ اردو میں بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔

شعیب اختر نے ویرات کوہلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بطور بلے باز ان پر پریشر ہے اور انہیں پرفارمنس دکھا کر اپنا کیریئر بنانا ہوگا۔

سابق فاسٹ باؤلر کے مطابق ان کی خواہش رہی ہے کہ ویرات کوہلی بطور بلے باز 100 سے 120 رنز بنایا کریں اور اچھی پرفارمنس دیتے رہیں۔

انہوں نے سابق بھارتی کپتان کے کیریئر اور ان کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے اپنا ذاتی خیال پیش کیا کہ ان کے خیال سے ویرات کوہلی کو کرکٹ کھیلتے ہوئے شادی ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے دلیل دی کہ شادی کرنے کے بعد ذمہ داری اور پریشر بڑھ جاتا ہے، اسی وجہ سے اگر کوئی بھارت کی طرف سے کھیل رہا ہے تو اسے کرکٹ کھیلتے وقت شادی ہی نہیں کرنی چاہیے۔

شعیب اختر نے مزید بتایا کہ اگر ویرات کوہلی کی جگہ وہ بھارت کی طرف سے کھیل رہے ہوتے تو وہ 10 سے 12 سال تک شادی ہی نہیں کرتے۔

سابق پاکستانی کرکٹر نے اپنے تجزیے کے دوران انوشکا شرما کا ذکر نہیں کیا، البتہ انہوں نے ویرات کوہلی کی شادی کو ان کی خراب پرفارمنس سے جوڑا، جس وجہ سے اداکارہ کے مداح اور دوسرے لوگ بھی شعیب اختر سے نالاں دکھائی دیے۔

زیادہ تر لوگوں نے شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کسی کی خراب کارکردگی کا سبب اس کی شادی نہیں ہوتی۔

کچھ افراد نے شعیب اختر کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے لکھا کہ کسی کی ذاتی زندگی کو ان کے خراب کیریئر سے جوڑنا عقلمندی نہیں۔

اسی طرح بعض لوگوں نے دلیل دی کہ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر شادی شدہ بھی تھے اور ان کے بچے بھی تھے اور وہ کرکٹ میں ریکارڈ بھی بناتے رہے۔

کچھ لوگوں نے خود شعیب اختر کے کیریئر پر بھی بات کی اور کہا کہ خود انہوں نے کوئی اچھی پرفارمنس نہیں دی مگر دوسروں پر تنقید کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں