• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm

بجٹ 24-2023: دفاعی بجٹ میں 13 فیصد اضافہ، 18 کھرب 4 ارب روپے مختص

شائع June 10, 2023
بری فوج کے لیے کُل بجٹ میں سے 824 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
بری فوج کے لیے کُل بجٹ میں سے 824 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت آئندہ مالی سال کے لیے دفاع پر 18 کھرب 4 ارب روپے خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو کہ گزشتہ مال سال کے دوران دفاع کے لیے مختص بجٹ سے تقریباً 13 فیصد زیادہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفاعی بجٹ جی ڈی پی کا تقریباً 1.7 فیصد اور آئندہ مالی سال کے لیے مختص کُل اخراجات کا 12.5 فیصد بنتا ہے۔

گزشتہ سال دفاعی امور اور خدمات کے لیے 15 کھرب 70 روپے مختص کیے گئے تھے، تاہم بعد میں اسے 15 کھرب 90 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا تھا۔

تفصیلی جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ بَری فوج کے لیے کُل بجٹ میں سے 824 ارب 60 کروڑ روپے، پاک فضائیہ کے لیے 368 ارب 50 کروڑ روپے اور پاک بحریہ کے لیے 188 ارب 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اسی طرح ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کی پنشن بھی 26 فیصد اضافے سے 563 ارب روپے ہو گئی جو کہ گزشتہ مالی سال میں 446 ارب روپے تھی۔

تاہم فوج کی پنشن کو دفاعی خدمات کے بجٹ میں شامل نہیں کیا گیا ہے جبکہ دفاع سے متعلق دیگر خریداریوں اور اسٹریٹجک پروگراموں کو بجٹ (بشمول اسٹریٹجک جوہری ہتھیاروں کے بجٹ) میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

دفاعی بجٹ کی تفصیلات کے مطابق دفاعی انتظامیہ کے لیے 5 ارب 40 کروڑ روپے، ملازمین سے متعلقہ اخراجات کے لیے 705 ارب روپے، انتظامی اخراجات کے لیے 442 ارب روپے، مادی اثاثوں کے لیے 461 ارب روپے اور سول ورکس کے لیے 195 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دفاعی خدمات کے اس تخمینے میں فوجیوں کو وردی اور سویلین ملازمین کو ادا کی جانے والی تنخواہیں اور الاؤنسز بھی شامل ہیں، انتظامی اخراجات میں ٹرانسپورٹ، پیٹرولیم، تیل اور لیوبریکینٹس، راشن، علاج، ٹریننگ وغیرہ، اسلحہ اور گولہ بارود کی درآمد اور متعلقہ خریداریاں، سول ورکس (موجودہ انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال اور نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے فنڈز) شامل ہیں۔

حکومت نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرا م (پی ایس ڈی پی) 24-2023 کے تحت دفاعی ڈویژن کی جاری اسکیموں اور نئی اسکیموں کے لیے 3 ارب 40 کروڑ روپے بھی مختص کیے ہیں، اس میں سے حکومت نے ملکی حصے سے 3 ارب 30 کروڑ روپے اور غیر ملکی امداد کے حصے سے 50 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔

حکومت نے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کے تحت دفاعی پیداوار کے 2 جاری منصوبوں کے لیے 2 ارب روپے کی رقم بھی مختص کی ہے، جاری منصوبوں کے تحت گوادر میں شپ یارڈ بنانے کے لیے پروجیکٹ مینجمنٹ سیل کے قیام کے لیے 10 کروڑ روپے اور ’کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس‘ کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے لیے ایک ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 11 ستمبر 2024
کارٹون : 10 ستمبر 2024