• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:57am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:52am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:57am Asr 3:22pm

اداکارہ مریم نور ایک دن کی وزیر اعظم بنیں تو پہلا کام کیا کریں گی؟

شائع June 16, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ مریم نور کا کہنا ہے کہ اگر انہیں اپنی زندگی کسی دوسرے شخص کے ساتھ تبدیل کرنے کا موقع ملے تو وہ کسی سیاست دان کے ساتھ اسے تبدیل کریں گی جب کہ اگر انہیں ایک دن کا وزیر اعظم بنایا گیا تو وہ سب سے پہلے مہنگے اور پرتعیش برانڈز خریدیں گی۔

مریم نور حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام ’حد کردی‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر اور شادی سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں شوہر اسمٰعیل بٹ نے ہوائی سفر کے دوران 30 ہزار فٹ کی بلندی پر شادی کی پیش کش کی تھی۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ پہلی ہی پیش کش پر مان گئی تھیں، کیوں کہ وہ خود بھی ایسا ہی چاہ رہی تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ان کی شوہر کے ساتھ اچھی کیمسٹری ہے اور ان کے درمیان کبھی کسی طرح کے کوئی اختلافات نہیں ہوئے، وہ سات سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔

اداکارہ نے تسلیم کیا کہ اگر لڑکے اور لڑکی کے درمیان کئی سال کا تعلق ہو پھر بھی شادی کے بعد دونوں کو ایڈجسٹ ہونے میں تھوڑا سا وقت لگتا ہے اور کچھ عادتیں اور چیزیں اپنانے یا چھوڑنے میں مشکل ضرور ہوتی ہے۔

مریم نور کے مطابق ان کا اداکاری میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن انہیں اپنی بڑی بہن نے ایک آڈیشن کے لیے بھیج دیا جو انتہائی اچھا ہوا، جس کے بعد انہیں اداکاری کی پیش کش ہوئی۔

اداکاروں کو تاخیر سے معاوضہ ملنے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ معاوضہ ملنے میں دیر ضرور ہوجاتی ہے لیکن آج تک ان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا کہ انہیں معاوضہ نہ ملا ہو۔

ان کے مطابق انہیں معاوضہ ملنے یا حاصل کرنے میں آج تک کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

پسندیدہ بولی وڈ اداکار کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ انہیں شاہ رخ خان سب سے زیادہ پسند ہیں جب کہ انہیں ان کی ’سوادیس اور چک دے انڈیا‘ فلمیں بہت پسند ہیں۔

ان کے مطابق مذکورہ دونوں فلموں میں شاہ رخ خان بہت ہی سلجھے ہوئے تھے، اس لیے انہیں ان کی دونوں فلمیں سب سے زیادہ پسند ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگو بائی کوٹھیاواڑی‘ جیسے کردار کی بولی وڈ سے پیش کش ہو تو وہ ضرور کام کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں عالیہ بھٹ کی اداکاری اور کردار بہت پسند آیا۔

خیال رہے کہ ’گنگو بائی کوٹھیاواڑی‘ میں عالیہ بھٹ نے طوائف کا کردار ادا کیا تھا۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں مریم نور نے بتایا کہ اگر انہیں اپنی زندگی کسی اور سے تبدیل کرنے کا موقع ملا تو وہ کسی سیاست دان سے تبدیل کریں گی۔

ان کے مطابق وہ اس پارٹی کے سیاست دان سے زندگی تبدیل کریں گی جو پارٹی جیت رہی ہوگی۔

مریم نور نے بتایا کہ اگر انہیں ایک دن کا وزیر اعظم بنایا گیا تو وہ سب سے پہلے مہنگے اور پرتعیش عالمی برانڈز کو خرید لیں گی، وہاں سے جوتے، پرس اور کپڑے لے لیں گی۔

ان کے مطابق انہوں نے یہ کام اپنے بڑے بزرگ سیاست دانوں سے سیکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 دسمبر 2024
کارٹون : 1 دسمبر 2024