مردم شماری 2023 کے نتائج نوٹیفائڈ نہیں کیے جائیں گے، وزیر داخلہ

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2023
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نئی مردم شماری کے نتائج کا اعلان نہیں کرے گی — فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نئی مردم شماری کے نتائج کا اعلان نہیں کرے گی — فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت 2023 کی مردم شماری کے نتائج کا اعلان نہیں کرے گی اور آئندہ انتخابات 2017 کی گنتی پر ہوں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو جیو نیوز کے شو ’نیا پاکستان‘ میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے نتائج کو نوٹیفائڈ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اسے اس حوالے سے ’مسائل‘ تھے۔

مزید یہ کہ مختلف اسٹیک ہولڈرز کو بھی مردم شماری پر تحفظات تھے۔

نتائج پر وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کے حوالے سے دباؤ پر انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈیجیٹل مردم شماری سے بھی غیر مطمئن ہے۔

رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھی نئی مردم شماری کے حوالے سے شکایات ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس (نئی مردم شماری) کے نتائج کا اعلان نہیں کرے گی اور جب اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہو جائیں گی تو الیکشن کمیشن آف پاکستان گزشتہ مردم شماری کی بنیاد پر انتخابات کرانے کا پابند ہو گا۔

نگران وزیراعظم کے لیے نامزد امیدواروں کے لیے مشاورتی عمل پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اس معاملے پر کام کر رہے ہیں، یہ عمل ایک ہفتے یا 10 روز میں مکمل ہو سکتا ہے۔

قبل ازیں جمعہ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن حتمی فیصلہ کرے گا کہ انتخابات 2017 یا 2023 کی مردم شماری کے نتائج پر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’اتحادی حکومت اپنی مدت میں توسیع نہیں کرنا چاہتی اور وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ایک واضح بیان دیا ہے۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں