’بگ باس‘ میں کام کرنے کی آفر ہوئی، ڈر گئی تھی اس لیے منع کردیا، اداکارہ میرا

اپ ڈیٹ 05 اگست 2023
میرا نے کہا کہ ’میرے پاس اضافی ڈالرز ہیں اگر کسی کو چاہیے تو دینے کیلئے تیار ہوں‘—فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
میرا نے کہا کہ ’میرے پاس اضافی ڈالرز ہیں اگر کسی کو چاہیے تو دینے کیلئے تیار ہوں‘—فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

فلم اسٹار میرا نے انکشاف کیا کہ انہیں بھارت کے نامور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن وہ ڈر گئی تھیں اس لیے انہوں نے منع کردیا۔

لولی وڈ کی کونٹرورسی کوئین کہلائی جانے والی میرا جی نے جیو انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان تابش ہاشمی کے طنز و مزاح سے بھرپور سوالوں کا جواب دیا۔

میرا نے اپنے کریئر کے ابتدائی دنوں میں بھارت کی کئی فلموں میں کام کیا، انہوں نے 8 سال قبل بولی ووڈ کی اپنی پہلی ’نظر‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستان سمیت بھارت میں پزیرائی حاصل کی، اس دوران وہ کئی تنازعات کا شکار بھی رہیں۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران ہمیشہ خبروں میں رہنے سے متعلق سوال پر میرا نے کہا کہ ’جب میں خبروں میں رہتی تھی تو لوگ اعتراض کرتے تھے، اور جب خبروں میں نظر نہیں آتی تب بھی لوگ پوچھتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ’خبروں میں رہنے کا ہنر میرا جی سے سیکھیے۔‘

ڈالرز تقسیم کرنے سے متعلق سوال پر میرا نے بتایا کہ ’سماجی کام بہت اچھی بات ہے، اگر کسی کے پاس اضافی رقم ہے تو عطیہ کردیں، میں بھی ایسا ہی کرتی ہوں، میں اپنے بیگ، برانڈڈ جوتے، برانڈڈ کپڑے ایک بار پہننے کے بعد عطیہ کردیتی ہوں، میرے پاس اضافی ڈالرز بھی موجود ہے، اگر کسی کو چاہیے تو میں دینے کے لیے تیار ہوں۔ ’

پروگرام میں موجود شرکا کی جانب سے سوال کیا گیا کہ لوگ جب آپ کی عمر پوچھتے ہیں تو آپ ایسے سوالوں کا کیسے سامنا کرتی ہیں؟

جس پر میرا نے جواب دیا کہ ’اگر کسی کو کامیابی حاصل کرنی ہے اور اچھی زندگی گزارنی ہے تو یہ بھول جائیں کہ لوگ کیا کہیں گے، اگر آپ مجھے پسند کرتے ہیں تو آپ کو میری عمر ، میری ذاتی زندگی سے کیا کرنا ہے؟

میرا کی فلم ’باجی‘ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی میری فلم کی وجہ سے مجھے باجی کہہ کر پکارتا ہے تو یہ میرے لیے عزت کی بات ہے، مجھے اچھا لگتا ہے جب لوگ مجھے باجی کہتے ہیں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ لوگ میری حوصلہ افزائی اور عزت کررہے ہیں۔‘

اچھی انگریزی نہ بولنے پر سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے میرا نے بتایا کہ ’تبصرے کرنا بہت آسان ہے، ایک کمرے میں بیٹھ کر باتیں کرنے کے لیے لوگوں کے پاس بہت وقت ہے۔ ’

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے کہا کہ ’اچھی انگریزی نہ بولنے پر سوشل میڈیا ٹرولنگ پر مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے دکھ ان لوگوں پر ہوتا ہے جو ایسے تبصرے کررہے ہیں، ابھی وہ ناسمجھ ہیں، انہیں ہدایت کی ضرورت ہے۔‘

اداکارہ بتایا کہ ’ میں چاہتی ہوں کہ لوگ مجھ سے انگریزی میں بات کریں، میں خوش ہوں کہ میں نے اردو اور انگزیزی کو بہتر کیا ہے، اور آج میں بہت ساری زبانیں اچھی طرح بول سکتی ہیں۔

میرا سے جب سوال کیا گیا کہ پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے وہ کیا کریں گی تو انہوں نے جواب دیا کہ ’پاکستان کے حالات بہتر کرنا بہت آسان ہے، پاکستان چھوڑنا اس کا حل نہیں ہے، اگر یہی حل ہوتا ہے تو میں ملک چھوڑ دیتی۔

انہوںنے بتایا کہ ’مجھے بھارت اور کینیڈین سے شہریت کی آفر ہوئی، میرے پاس امریکی شہریت ہے، اگر پاکستان چھوڑنا ہوتا تو میں بہت پہلے چھوڑچکی ہوتی‘۔

میرا نے کہا کہ ’ملک چھوڑ دینا بہت بڑی بات نہیں ہے، یہ بہت بڑی ہار ہے جب آپ اپنے ملک کو چھوڑدیتے ہیں، مجھے ایسے لوگوں کو دیکھ کر رونا آتا ہے، میری دعا ہے کہ اللہ ایسے لوگوں کو عقل دے۔

میرا نے بتایا کہ ’جو لوگ ملک چھوڑدیتے ہیں وہ ملک کے ساتھ وفادار نہیں ہوتے، ایسے لوگ سب سے زیادہ ناکام ہیں جو اپنے ملک کو چھوڑ دیتے ہیں۔ ’

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

میرا نے بتایا کہ ’اطالوی اداکار انہیں انسٹاگرام پر میسج کرتے ہیں کہ وہ بہت پیاری ہیں، اور انہیں ایک ساتھ کام کرنے کی بھی آفر کی، جس پر میرا نے اطالوی اداکار کو جواب دیا کہ مستقبل میں وہ ضرور ان کے پاس کام کریں گی۔

میرا نے انکشاف کیا کہ شاہ رخ خان کی 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جب تک ہے جان‘ میں کترینہ کیف کا مرکزی کردار پہلے انہیں آفر ہوا تھا لیکن لندن کا ویزا نہ ملنے پر وہ فلم نہ کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’میری زندگی میں دو بڑے حادثے ہوئے ہیں، کہتے ہیں کہ اللہ ایک دروازہ بند کرتا ہے تو 100 دروازے کھولتا ہے، ’فلم جب تک ہے جاں‘ میں کترینہ کیف کی جگہ مجھے آفر ہوئی تھی، لیکن لندن کا ویزہ نہ ملنے پر فلم نہ کرسکی۔‘

بھارت کے نامور رئیلٹی شو بگ باس میں کام کرنے کی آفر ملنے سے متعلق میرا نے بتایا کہ بگ باس میں کام کرنے کے لیے ایک سال تک آفر ملتی رہی، یہ کروڑوں روپے کی آفر تھی، اگر میری جگہ کوئی بھی ہوتا تو وہ ضرور کرتا، لیکن جب یہ آفر ملی تو اس وقت مجھے کچھ سمجھ نہیں آئی، میں تھوڑا ڈر کر گئی تھی اس لیے کام کرنے سے منع کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں