• KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:55pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:26pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:31pm
  • KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:55pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 4:26pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:31pm

ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب ذاتی زندگی پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

شائع August 19, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی سے متعلق درد ناک انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے پہلے شوہر جوانی میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے والدہ کی ضد پر دوسری شادی کی۔

عائشہ جہانزیب کی چند ہفتے پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ اپنی زندگی کے واقعات بتاتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوگئیں۔

عائشہ جہانزیب کی وائرل ہونے والی ویڈیو کچھ ہفتے قبل ’اے پلس‘ پر نشر ہونے والے مارننگ شو کی ہے، جس میں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی تھی اور اس دوران وہ اشک بار بھی ہوگئی تھیں۔

عائشہ جہانزیب نے بتایا کہ جب وہ محض ڈھائی سال کی تھیں، تب وہ والد سے بچھڑ گئی تھیں اور پھر اپنی شادی کے بعد پہلی بار والد سے اس وقت ملیں جب ان کے شوہر انتقال کر گئے تھے۔

ٹی وی میزبان نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے والد کیسے ان سے بچھڑ گئے تھے، تاہم ممکنہ طور پر ان کے والدین کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

میزبان نے بتایا کہ ان کی والدہ نے دوسری شادی نہیں کی، اگرچہ انہوں نے متعدد بار والدہ کو شادی کرنے کا کہا لیکن وہ ان کی بہتر پرورش کی خاطر دوسری بار رشتہ ازدواج میں نہیں بندھیں۔

ان کے مطابق انہوں نے پہلی شادی جہانزیب سے کی تھی، جن سے انہیں بچپن سے محبت تھی، دونوں ایک ساتھ پلے اور بڑھے تھے۔

عائشہ جہانزیب کے مطابق انہوں نے نوجوانی میں شادی کی تھی اور ان کے پہلے شوہر سے تین بچے ہیں لیکن پھر ان کے شوہر کا انتقال ہوگیا۔

انہوں نے پہلے شوہر جہانزیب کے انتقال سے متعلق مزید بات کرنے سے معذرت کی، تاہم بتایا کہ ان کی موت کے بعد انہوں نے کئی مشکلات دیکھیں اور انہیں اصل زندگی کی سمجھ آئی۔

ٹی وی میزبان نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ شوہر کے انتقال کے بعد ان سے تمام افراد کے تعلقات ہی تبدیل ہوگئے، جس کی وجہ سے وہ بچوں کو لے کر والدہ کے گھر چلی گئیں لیکن شروع میں والدہ بھی انہیں اپنے ساتھ رہائش دینے کے لیے تیار نہیں تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ شوہر کے انتقال کے بعد ان کی والدہ میں بھی کینسر کی تشخیص ہوئی لیکن انہوں نے والدہ کو آخر تک یہ معلوم ہونے نہیں دیا کہ انہیں کیا بیماری لاحق ہے۔

عائشہ جہانزیب کا کہنا تھا کہ بیماری کے بعد والدہ نے ان پر دوسری شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کیا اور وہ کافی عرصے تک انکار کرتی رہیں لیکن پھر انہوں نے ہار مانی۔

ٹی وی میزبان نے بتایا کہ ان کا آج تک ایک ہی مرد دوست حارث تھا، جس سے بعد میں انہوں نے دوسری شادی کی۔

عائشہ جہانزیب نے کہا کہ دوسری شادی کے وقت ان کی سب سے چھوٹی بیٹی پریشان ہوگئی کہ کوئی شخص ان کی والدہ کو ان سے چھیننے آگیا لیکن ان کے شوہر نے ان کی بیٹی کو سنبھالا۔

میزبان نے دوسرے شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی والدہ کی بھی بہت خدمت اور عزت کی جب کہ انہوں نے ہی انہیں ٹی وی پر کام کرنے کی اجازت دلوائی، ورنہ ان کی والدہ نے انہیں سختی سے روک رکھا تھا۔

عائشہ جہانزیب کے مطابق ان کی والدہ کو لگتا تھا کہ وہ ٹی وی پر کام کرنے جائیں گی تو بگڑ جائیں گی لیکن انہیں ان کے شوہر حارث نے اجازت دلوائی۔

انہوں نے اپنی کامیابیوں کا سہرا اپنے دوسرے شوہر حارث کو دیا اور ان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اکثر مذاق میں کہتے ہیں کہ عائشہ ایک خاتون نہیں بلکہ مرد ہیں۔

عائشہ جہانزیب سے متعلق مذکورہ پروگرام میں مارننگ شو کی میزبان نے بتایا کہ اب وہ پانچ بچوں کی ماں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024