ایشیا کپ: سری لنکا کے خلاف میچ کیلئے پاکستان کی ٹیم میں 5 تبدیلیاں

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2023
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور میں سری لنکا کے خلاف انتہائی اہم میچ کے لیے فائنل الیون کا اعلان کر دیا ہے جس میں فخرزمان اور باہر رکھا گیا ہے اور مجموعی طور پر 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں بدترین شکست اور دو فاسٹ باؤلرز کی انجریز کے بعد سری لنکا کے خلاف اہم میچ کے لیے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

اس میچ کے لیے چند تبدیلیاں کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے مجبوراً کی گئیں جبکہ ایک تبدیلی ممکنہ اسپن وکٹ کے پیش نظر عمل میں لائی گئی ہے۔

بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے نسیم شاہ ایشیا کپ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ زمان خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو سری کے خلاف میچ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

زمان خان کے علاوہ محمد وسیم جونیئر کو بھی فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے جو حارث رؤف کی جگہ لیں گے۔

اس کے علاوہ روایتی حریف کے خلاف میچ میں چہرے پر گیند لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے سلمان علی آغا بھی میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ سعود شکیل ایکشن میں نظر آئیں گے۔

سری لنکا کے خلاف میچ میں ممکنہ اسپن وکٹ کے پیش نظر فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ کئی میچوں میں مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر فخرزمان کو آؤٹ آف فارم ہونے پر باہر بٹھایا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان بلے باز محمد حارث کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابراعظم(کپتان)، محمد حارث، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، زمان خان، شاہین شاہ آفریدی

پاکستانی ٹیم کو گزشتہ میچ میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم سپر فور کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔

ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ مقابلے کے لیے پاکستان کو سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کرنا ہوگی، دوسری صورت میں قومی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔

نسیم کی جگہ زمان اسکواڈ میں شامل

پاکستان نے اس سے قبل ایشیا کپ میں انجری مسائل سے دوچار فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ باؤلر زمان خان کو 17 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا تھا۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ زمان خان نے آج صبح ٹیم کو جوائن کیا اور آج شام کولمبو اسٹیڈیم میں ٹیم کے ہمراہ ٹریننگ کریں گے۔

اسکواڈ میں شمولیت کے بعد زمان خان اب سری لنکا کے خلاف کل ہونے والے میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف سپر فور راؤنڈ کے میچ میں نسیم شاہ کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور میچ میں بیٹنگ کے لیے بھی نہیں آئے تھے۔

قومی ٹیم کا میڈیکل پینل ان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور ورلڈ کپ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

انہی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے لیے نسیم شاہ کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کی جگہ زمان خان کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھارت ہی کے خلاف میچ کے ریزرو ڈے میں احتیاطاً باؤلنگ نہ کرنے والے حارث رؤف اب بہتر محسوس کر رہے ہیں اور بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

اس حوالے سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے کہا تھا کہ حارث روف کو پٹھوں کا مسئلہ ہوا ہے اور ورلڈ کپ قریب ہے اسی لیے ہم انہیں آرام دے رہے ہیں اور کوئی خطرہ نہیں مول رہے ہیں۔

ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق یہ دونوں فاسٹ باؤلرز ہمارا اثاثہ ہیں اور ٹیم کا میڈیکل پینل ورلڈ کپ سے قبل ان کا ہر ممکن طریقے سے خیال رکھے گا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کے باعث بھارت کے خلاف ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ کے دوران انجرڈ ہو کر کھیل سے باہر ہو گئے تھے، جبکہ نسیم اور حارث دونوں ہی باؤلرز اپنے کوٹے کے 10 اوورز مکمل کرنے سے قاصر رہے تھے اور بیٹنگ کے لیے بھی میدان میں واپس نہیں آئے تھے۔

اس میچ میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں اب پاکستان کی ٹیم کو فائنل تک رسائی کے لیے سری لنکا کے خلاف کل ہونے والے میچ میں فتح درکار ہے۔

کل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کا ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہو گا۔

اگر گرین شرٹس اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بارش کی نذر ہو جاتا ہے تو ایسی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ ملے گا اور سری لنکا کی ٹیم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے فائنل میں جگہ بنا لے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں