• KHI: Maghrib 5:46pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:29pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:46pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:29pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:32pm

’میرا جسم، میری مرضی‘ کا تعلق لباس سے نہیں، ژالے سرحدی

شائع September 26, 2023
فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ اور ماڈل ژالے سرحدی نے خواتین کے حقوق اور عورت مارچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا جسم، میری مرضی‘ کا تعلق لباس سے نہیں ہے، اپنی ماں، بہنوں اور بیویوں کو خودمختار ہونے دیں۔’

ژالے سرحدی اس سے قبل بھی خواتین کے حقوق پر بات کرتی رہتی ہیں، اداکارہ رواں سال عورت مارچ کی مہم کا حصہ بھی بنی تھیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک بار پھر عورت مارچ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ایف ایچ ایم پاکستان کے یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے انٹرویو کے دوران اپنے کرئیر، ڈپریشن، خواتین اور جانوروں کے حقوق سے متعلق گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ کے شروع میں اداکارہ نے اپنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے کافی عرصے سے ہائپو تھائیرائیڈ ہے، لیکن اب کافی بہتر ہوگیا ہے، تھائیرائیڈ کو بیماری نہیں سمجھا جاتا حالانکہ اس کی وجہ سے جسم میں شدید علامات ظاہر ہوتی ہیں جن میں بال جھڑنا، ڈپریشن اور دیگر شامل ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’تھائیرائیڈ ہونے کی وجہ سے میرا جسم پھولنا شروع ہوگیا تھا، اس کے حل کے لیے میں نے اپنی خوراک پر کنٹرول کیا اور ڈاکٹر سے رجوع کیا۔ ’

اس کے علاوہ خواتین کے حقوق کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ’ہم طویل عرصے تک خواتین کے حقوق اور برابری کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، عورت مارچ سے میرا کوئی مسئلہ نہیں، میں خود اس مارچ کا حصہ رہی ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرا جسم، میری مرضی میں کیا غلط ہے؟ لیکن لوگوں نے اسے غلط سمجھ لیا ہے، اس کا تعلق لباس سے نہیں ہے۔‘

ژالے سرحدی نے کہا کہ ’میرا جسم میری مرضی کا مطلب ہے کہ آپ میرے جسم کو میری مرضی کے خلاف چُھو بھی نہیں سکتے، آپ اپنی ماں، بہنوں اور بیویوں کو خودمختار ہونے دیں۔‘

اداکارہ نے جانوروں کے حقوق پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانوروں پر تشدد ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتیں، وہ جانوروں کے حقوق کے بارے میں بھی مختلف پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم جب لوگوں کا خیال نہیں رکھ سکتے تو جانوروں کا خیال کیسے رکھیں گے، کراچی میں چڑیا گھر کو بالکل بند کردینا چاہیے، جانوروں پر تشدد کرنا غلط ہے، مجھے سمجھ نہیں آتی لوگ جانوروں سے بُرا رویہ کیوں اختیار کرتے ہیں۔ ’

ژالے سرحدی نے کہا کہ ’اگر میرے سامنے کوئی چھوٹے بچے یا جانور کے ساتھ بُرا سلوک کررہا ہے تو میں اس شخص کا قتل کرنے کے لیے بھی تیار ہوں، ایسے لوگوں کو زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں ہے، بے زبان کے ساتھ تشدد کرنے والے شخص سے زیادہ بزدل کوئی نہیں ہے۔‘

واضح رہے کہ تھائیرائیڈ آپ کی گردن کے سامنے ایک چھوٹا، تتلی کی شکل کا غدود ہے، تھائیرائیڈ ہارمونز آپ کے جسم کے توانائی کے استعمال کے طریقے کو کنٹرول کرتے ہیں، اس لیے وہ آپ کے جسم کے تقریباً ہر عضو کو متاثر کرتے ہیں، تھائیرائیڈ ہارمونز کے بغیر، آپ کے جسم کے اعضا بُری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2024
کارٹون : 11 نومبر 2024