وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور نے آئندہ برس سے حج آپریشن کو ڈیجیٹلائز کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایک خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی مشترکہ صدارت نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف اور نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کی، کمیٹی وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی۔
اجلاس میں انیق احمد نے حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور روزمرہ کے معاملات میں ٹیکنالوجی کو اپنانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے میں مدد ملے گی بلکہ عازمین حج کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد بھی ملے گی۔
اجلاس کے شرکا کو متعلقہ حکام نے حج آپریشنز میں اب تک استعمال ہونے والے سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی، شرکا کا کہنا تھا کہ حج آپریشن کو ڈیجیٹلائز کرنے سے عازمین کو متعلقہ پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور حکام کو شکایات کا جلد از جلد ازالہ کرنے کی صلاحیت بھی ملے گی۔
عمر سیف نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ایک اسمارٹ فون ایپلی کیشن اور ویب پورٹل تیار کیا جائے گا جبکہ پورے حج آپریشن کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا تاکہ عازمین سے اصل تاثرات حاصل کیے جا سکیں۔
اس ایپلی کیشن سے عازمین حج کو حج آپریشنز اور سہولیات کے حوالے سے آن لائن اپنی رائے دینے میں مدد ملے گی۔
عمر سیف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کو ہدایت دی کہ وزارت مذہبی امور کے متعلقہ افسران کے ساتھ مل کر حج آپریشنز کے موجودہ نظام کو اپ گریڈ کیا جائے۔
دریں اثنا چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے عمر سیف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ پاکستان، چینی ٹیکنالوجی سے کس طرح فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ چین، پاکستان کو الیکٹرک گاڑیوں اور بیٹریوں، چِپ کی تیاری اور ٹیلی کام انفرااسٹرکچر کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں آگے بڑھنے میں کس طرح مدد کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس بارے میں بھی بات کی کہ کس طرح پاکستان کی آئی ٹی فرمز اور اسٹارٹ اپس چین کی بڑی مارکیٹ میں داخل ہوسکتے ہیں اور پاکستان کا شعبہ تعلیم، چین میں عالمی معیار کی یونیورسٹیوں کے ساتھ کس طرح تعاون کرسکتا ہے۔
تبصرے (0) بند ہیں