اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ کسی کے لیے اٹھنا، بیٹھنا، گھومنا، خود کپڑے پہننا اور بالوں کو کنگی کرنا ایک معمول ہو لیکن یہ سب کسی کے لیے یہ بہت بڑی نعمت ہوسکتے ہیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے ساتھ کیپشن میں روحانی تسکین پہنچانے والا صوفیانہ کیپشن لکھا، جس پر شائقین نے ان کی تعریفیں بھی کیں اور ان کی باتوں سے اتفاق بھی کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ زندگی اتنی آسان اور خوبصورت بھی نہیں ہے، جتنی سوشل میڈیا پر دکھائی جاتی ہے یا دیکھنے کو ملتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کسی کی زندگی میں ایسے دن بھی آ سکتے ہیں کہ اس کے لیے اپنے دونوں پاؤں پر کھڑا ہونا اور چلنا زندگی کی سب سے بڑی نعمت بن سکتے ہیں۔

زارا نور عباس نے لکھا کہ کچھ افراد کے لیے اٹھنا، بیٹھنا، گھومنا، بالوں میں کنگی کرنا، خود سے کپڑے بدلنا اور مسکرانا زندگی کا معمول ہو اور ان کے لیے اس کی کوئی اہمیت نہ ہو لیکن کسی کے لیے یہ سب کچھ بہت بڑی نعمتیں ہو سکتی ہیں۔

اداکارہ نے مداحوں کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ایسی باتوں کو اپنے ارد گرد دیکھ کر مشاہدات کریں، ایسے مشاہدات سے انہیں رہنمائی ملے گی اور اس سے زندگی بھی بہتر گزرے گی۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ہر کسی کی زندگی اپنی ہوتی ہے، وہ اپنی زندگی کو سب سے زیادہ بہتر جانتا ہے، اس لیے ہر کسی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنی زندگی کس طرح گزاریں گے، انہیں لوگوں کی باتوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔

زارا نور عباس نے لکھا کہ کوئی بھی کسی کی زندگی سے متعلق فیصلہ نہیں کر سکتا اور فیصلہ کرنے والی قوت ایک ہی تخلیق کار ہیں۔

ان کے مطابق ہر کوئی خدا سے اپنی اپنی مرضی کی زندگی اور ضروریات کے لیے لڑ سکتا ہے، ان سے مانگ سکتا ہے اور ہر کسی کو ایسا کرنا بھی چاہیے لیکن کس کو کیا ملے گا اور کسے کیا دینا ہے یہ صرف خدا ہی جانتا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے روحانی تسکین کی صوفیانہ باتیں کرنے پر مداحوں نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کی باتوں سے اتفاق بھی کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں