• KHI: Maghrib 7:16pm Isha 8:43pm
  • LHR: Maghrib 7:00pm Isha 8:37pm
  • ISB: Maghrib 7:11pm Isha 8:51pm
  • KHI: Maghrib 7:16pm Isha 8:43pm
  • LHR: Maghrib 7:00pm Isha 8:37pm
  • ISB: Maghrib 7:11pm Isha 8:51pm

عدم ادائیگی کے سبب ایندھن کی فراہمی معطل ہونے سے پی آئی اے کی پروازیں متاثر

شائع October 17, 2023
پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
پی ایس او نے واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی مقامی پروازیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، گزشتہ روز پی آئی اے کی 14 پروازیں منسوخ اور دیگر 4 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے واجبات کی عدم ادائیگی کے سبب پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ایئرلائن کو ایندھن کی فراہمی معطل ہونے سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے، اندرون ملک 14 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ دیگر 4 پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز رات گئے تک پی آئی اے انتظامیہ اور پاکستان اسٹیٹ آئل کے درمیان مذاکرات جاری رہے، منسوخ ہونے والی پروازوں میں اسلام آباد سے گلگت جانے والی 2 پروازیں، اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی ایک، ایک کراچی سے سکھر جانے والی، ایک اسلام آباد سے ملتان اور ایک کراچی سے فیصل آباد جانے والی پرواز شامل ہے۔

اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 304 کراچی ایئرپورٹ پر ایندھن کی فراہمی معطل ہونے کے باعث تقریباً 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، پرواز کو دوپہر 2 بجے روانہ ہونا تھا تاہم یہ 3 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔

لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 305 دیر سے لاہور پہنچنے کے باعث تاخیر سے روانہ ہوئی۔

کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی ایک اور پرواز پی کے 308 بھی ایندھن کی فراہمی معطل ہونے کے سبب تاخیر کا شکار ہوئی، بعد ازاں اسلام آباد سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 309 بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔

پی آئی اے کی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث سیکڑوں مسافروں کو گزشتہ کئی روز سے پریشانی کا سامنا ہے، پروازوں کی روانگی میں تاخیر کی وجہ سے نہ صرف مسافر بلکہ فلائٹ عملے کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ متعلقہ حکام کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں کیونکہ قومی ایئرلائن کو مالی بحران کا سامنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 مئی 2024
کارٹون : 27 مئی 2024