عدالتوں کے ’لاڈلے‘ عمران خان کو جیل میں حاصل سہولیات کا عام شہری تصور بھی نہیں کر سکتا، وزیر داخلہ

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2023
نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت مسلم لیگ (ن) کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جارہی — فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو
نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت مسلم لیگ (ن) کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جارہی — فوٹو: انڈیپنڈنٹ اردو

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالتوں کا ’لاڈلہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور بھی نہیں کر سکتا۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ’انڈیپنڈنٹ اردو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سائفر کیس میں 28 نومبر کو فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالتوں کے لاڈلے ہیں، عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کا عام شہری تصور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر جو کیس بنے وہ زیادہ تر بے بنیاد تھے، تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہوگا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں کوئی نااہل ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت میں مسلم لیگ (ن) کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دی جا رہی، نگران حکومت کے لیے نواز شریف اور بلاول بھٹو ایک جیسے ہیں، قابل احترام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

’تاحال تقریباً 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں‘

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ تاحال تقریباً 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں، واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد سے زیادہ تعداد افغان تارکین وطن کی ہے، غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعات میں ’را‘ جیسی ملک دشمن ایجنسیوں کا کردار رہتا ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ دشمن ایجنسیاں پاکستان کی فالٹ لائنز میں ہمیشہ اضافہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

ستمبر میں گلگت بلتستان کی بے امنی، اگست میں پیش آئے جڑانوالہ سانحہ سمیت دیگر مقامات پر رونما ہونے والے واقعات سے متعلق انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کے تانے بانے کہیں اور جاکر ملتے ہیں، ہم بدقسمت لوگ ہیں کہ ہم دشمن کے بہکاوے میں آجاتے ہیں۔

’لاپتا افراد کے معاملے پر عدالت کا وزیر اعظم کو بلانا مناسب عمل نہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں زیادہ تر جب چیزیں ہوتی تھیں تو کہیں نہ کہیں ’را‘ کا کردار نظر آتا رہا ہے، لاپتا افراد کے معاملے پر عدالت کا وزیر اعظم کو بلانا مناسب عمل نہیں، پاکستان میں لاپتا افراد کی تعداد خطے میں سب سے کم ہے۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ لاپتا افراد کا معاملہ ملک کے خلاف پروپیگنڈا کا ہتھکنڈا بن چکا ہے، جتنے افراد کی لسٹ دی جاتی رہی ہیں، ان میں سے 78 فیصد کیسز حل ہو چکے ہیں، اختر مینگل کی لاپتا افراد سے متعلق یہ لسٹ درست نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں