قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق اپنی قریبی دوست انمول محمود کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا۔

بعدازاں 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں سابق کپتان بابر اعظم، سرفراز احمد سمیت دیگر کئی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔

25 نومبر کو نکاح کی تقریب منعقد کی گئی جس کی تصاویر اور ویڈیوز امام الحق نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہیں۔

نکاح کی تقریب میں دلہن انمول محمود نے سلور اور گولڈن رنگ کی کڑھائی سے بنی ہلکی گلابی رنگ کی ساڑھی کا انتخاب کیا، خوبصورت جیلوری کے ساتھ انمول محمود دلکش دکھائی دے رہی تھیں۔

دوسری جانب امام الحق نے ہلکی سبز رنگ کی شیروانی کے ساتھ میچنگ جوتے اور پگڑی پہن رکھی تھی، جوڑا نکاح کی تقریب میں خوبصورت دکھائی دے رہا تھا۔

امام الحق نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انمول محمود کو جیون ساتھی ہونے کے ساتھ بہترین دوست قرار دیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’آج ہم نہ صرف جیون ساتھی بن گئے ہیں بلکہ ہماری دوستی مزید مضبوط ہوگئی ہے جس کی بنیاد ہماری محبت کی کہانی ہے۔‘

امام الحق نے مزید لکھا کہ آج میں نے نہ صرف بہترین دوست سے شادی کی ہے بلکہ آپ کے دل میں اپنا ہمیشہ کے لیے گھر بنا لیا ہے، اس محبت کے لیے ہمیشہ شکر گزار ہوں جو ایک دوستی کی طرح محسوس ہوتی ہے اور یہی دوستی سب سے بڑی نعمت ہے۔’

اوپنر بلے باز نے نئے سفر کے آغاز کے لیے لکھا کہ ’امید ہے کہ یہ سفر محبت، خوشیوں اور نہ ختم ہونے والے حسین خوابوں سے بھرپور ہوگا، ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

اس کے علاوہ کرکٹر کی جانب سے نکاح کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں صرف قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی تھی۔

قبل ازین امام الحق کی جانب سے قوالی نائٹ کی بھی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں انہیں قوالی گنگناتے سنا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امام الحق اور انمول محمود کے ولیمے کی تقریب آج منعقد کی جائے گی۔

اس سے قبل رواں سال قومی ٹیم کے متعدد کرکٹرز شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں جن میں حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شاداب خان شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں