• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 5:00pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 5:09pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 5:00pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 5:09pm

’لاپتا افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیر اعظم، وزیر داخلہ کےخلاف مقدمہ درج کرائیں گے‘

شائع November 29, 2023
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ جن اداروں پر الزام ہے انہوں نے ہی معاملے کی تفتیش بھی کرنی ہے—تصویر: آئی ایچ سی ویب سائٹ
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ جن اداروں پر الزام ہے انہوں نے ہی معاملے کی تفتیش بھی کرنی ہے—تصویر: آئی ایچ سی ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طلبہ کی بازیابی کے لیے قائم کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے ہیں کہ میں نے اپنا مائنڈ بتا دیا، لاپتا افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، پھر انہیں گھر جانا پڑے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچ طلبہ کی بازیابی کے لیے قائم کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیس کی سماعت کے دوران عدالتی طلبی پر نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکے۔

درخواست گزار ایڈووکیٹ ایمان مزاری، لاپتا بلوچ افراد کے اہل خانہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور نگران وزیر انسانی حقوق خلیل جارج بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی، اٹارنی جنرل نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ 22 افراد اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکے ہیں، 28 بلوچ افراد اب بھی لاپتا ہیں، وزیراعظم کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے وہ نہیں آسکے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ تمام لاپتا افراد کو بازیاب کرانے کی کوششیں کریں گے، کمیشن کی رپورٹ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش گئی تھی، کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کو یہ معاملہ بھیجا گیا، کمیشن کو آرڈر تھا کہ ایکشن سے متعلق تجاویز دیں۔

جس کا پاکستان میں جو دل چاہ ہے وہ کر رہا ہے، جسٹس محسن اختر کیانی

عدالت نے وزیر داخلہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے رپورٹ دیکھی ہے؟ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے رپورٹ کا جائزہ لیا ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، جس کا پاکستان میں جو دل چاہ رہا ہے وہ کر رہا ہے، اس کیس میں سارے طالبعلم ہیں۔

عدالت نے کہا کہ یہ ہمارے اپنے شہری ہیں، سارا الزام سیکیورٹی ایجنسی پر آرہا ہے، یا تو بتائیں کہ دوسرے ملک کی ایجنسی نے بندے اٹھائے ہیں، بلوچستان کا بندہ لاپتا ہوجاتا ہے اور یہاں انتظامیہ 365 کے تحت ایک کارروائی کرکے منہ دوسری طرف کر لیتی ہے۔

عدالت نے کہا کہ کیا ہم خود پہلے لاپتا ہوں گے تو تب ہمیں پتا چلے گا کہ کیا ہوا، وزیر داخلہ صاحب بتائیں آپ، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آرٹیکل 4 کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے کہ گمشدہ شہریوں کا بازیاب کرائیں، ہمارے بچے گمشدہ ہیں اور گھر والے پریشان ہیں، یہ المیہ ہے کہ ایف آئی آر کردی جاتی ہے اور پھر خاموشی چھاجاتی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جو قانون کے خلاف کام کریں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے، ایسے سوال جب بین الاقوامی سطح پر اٹھتے ہیں تو کوئی جواب نہیں ہوتا ہمارے پاس، عدالتیں قانون اور آئین کی بات کرتی ہیں۔

’ہم خود جب لاپتا ہوں گے تب سمجھ آئے گی‘

وزیر داخلہ روسٹرم پر آئے، جسٹس محسن اختر کیانی نے وزیر داخلہ سے استفسار کیا کہ ہم خود جب لاپتا ہوں گے تب سمجھ آئے گی، بند کمروں میں نہ کہانی سنائیں گے نہ بند کمروں میں میں کسی کی سنوں گا، جو کہنا ہے اوپن کورٹ میں کہیں۔

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک بھی شخص لاپتا ہے تو اس کا کوئی جواز نہیں ہے، ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، عدالت نے کہا کہ پولیس بندہ لے کر جاتی ہے بعد میں بندہ لاپتا ہوجاتا ہے، تھانے جاتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے وہاں بندہ ہی نہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بہت سارے ایسے ہیں جو عدالتی مفرور ہیں، کچھ لوگ افغانستان چلے گئے ہیں، کوشش کریں گے کیس ٹو کیس جائزہ لیں، کمیشن ان کیسز کو دیکھ رہا ہے۔

عدالت نے وزیر داخلہ سے مکالمہ کیا کہ وزیراعظم اور آپ کو بلانے کا مقصد یہ ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے ملیں، آپ کا بہت کم وقت رہ گیا، آپ کے وزیراعظم نے واپس بلوچستان جانا ہے، جائیں اور ان 28 خاندانوں سے ملیں اور ان کے مسائل سن لیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ یہ ملک شہدا کی بنیاد پر چل رہا ہے، ملک کے امن کے اداروں کی قربانیاں ہیں، پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی شہادت کی وجہ سے نظام چل رہا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایک ایک کیس کو دیکھیں اور حل کریں، کوئی شخص کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہے اس کے خلاف عدالتی کارروائی کریں۔

عدالت نے نگران وزیر داخلہ سے مکالمہ کیا آپ اور وزیر اعظم بلوچستان سے ہیں، کل آپ نے واپس جانا ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ادارے سارے سیکریٹری دفاع کے ماتحت ہیں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ججز نے جاکر بندے ریکور نہیں کرنے، ہم فیصلے دے سکتے ہیں، یہ ملک شہدا کی بنیاد پر چل رہا ہے، پاک فوج نے جو قربانیاں دیں، اس سے انکار نہیں ہے۔

عدالت نے کہا کہ کوئی بھی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کریں لیکن عدالت پیش کریں، نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ یقین دہانی کراتا ہوں کہ ایک ایک کیس کو ہم دیکھیں گے، وزرات داخلہ نے لاپتا افراد کے معاملے پر ایڈیشنل سیکریٹری کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔

عدالت نے درخواست گزار کو تمام لاپتا افراد کی تفصیلات فوکل پرسن کو فراہم کرنے کا حکم دیا، عدالت نے کہا کہ وزارت داخلہ کے فوکل پرسن لاپتا افراد کے حوالے سے کیس ٹو کیس تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں گے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ سب کچھ کے باوجود بھی اگر گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے تو یہ ریاست کی ناکامی نہیں؟ اس ملک میں امن کے لیے ہمارے اداروں کی بہت قربانیاں ہیں، ایک دوسرا زاویہ انسانی حقوق کا ہے، وہ بھی دیکھنا ہے، جو لوگ اداروں کے پاس ہیں ان کو عدالتوں میں پیش کیوں نہیں کیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ جن اداروں پر الزام ہے انہوں نے ہی تفتیش بھی کرنی ہے، پاک فوج یا دیگر شہدا نے جو قربانیاں دیں، انہی کی وجہ سے ہم چل رہے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ دوسرے پہلو کو چھوڑ دیا جائے۔

یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم کیس ٹو کیس دیکھیں گے، وزیر داخلہ

نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ میں عدالت کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ ہم کیس ٹو کیس دیکھیں گے اور حل کریں گے۔

عدالت نے لاپتا طلبہ کی تفصیل وزارت داخلہ کے نمائندے کو فراہم کرنے کا حکم دیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں موجود ہیں ان میں کوئی شک نہیں لیکن دوسرے پہلوؤں کو نہیں چھوڑا جا سکتا، شہریوں کے حقوق ہیں۔

وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ میں نے ابھی چیک کرنا ہے جن کے بارے میں یہ کہہ رہے ہیں بازیاب ہو گئے، عدالت نے تمام لاپتا افراد کے اہل خانہ کی تفصیلات حکومتی کمیٹی کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ بڑے عہدوں پر بیٹھے افراد اپنے آپ کو مستثنیٰ نہیں کرسکتے، کوئی مرجائے تو خاندان کو بھی تسلی اور یقین آجاتا ہے، لاپتا افراد کے خاندان ساری زندگی ٹراما میں رہتے ہیں، میں نے اپنا مائنڈ بتا دیا ہے، اگر لاپتا افراد بازیاب نہ ہوئے تو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے، پھر آپ کو اور وزیراعظم کو گھر جانا پڑے گا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ بڑے واضح الفاظ میں آپ کو یہ بات سمجھا رہا ہوں، نتائج کچھ بھی ہوں لیکن ہم قانون کی حکمرانی کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ایک ہفتے میں آپ ان افراد سے ملاقات کریں اور مسئلہ حل کرائیں، وزیر داخلہ یہاں موجود تمام اہل خانہ سے دو دن میں ملیں، باقی خاندانوں سے بلوچستان میں جاکر ملیں اور یہ مسئلہ حل کریں، جنوری کی تاریخ رکھتے ہیں اس سماعت پر ہمیں نتائج چاہئیں۔

عدالت نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ آپ سیکریٹری دفاع کو ہدایات جاری کریں اپنے ماتحت اداروں کو بلا کر ان سے پوچھیں، عدالت نے بلوچ طلبہ جبری گمشدگی کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024