اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی کا سلسلہ جاری، 61 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2023
گزشتہ روز کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 60 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
گزشتہ روز کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 60 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 606 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 61 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تاہم دن کے اختتام تک یہ رفتار برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ میں مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب آیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 11 بجے کے ایس ای-100 انڈیکس 606 یا ایک فیصد اضافے کے بعد 61 ہزار 335 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 60 ہزار 730 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

بعد ازاں کاروباری روز کے اختتامی سیشن میں حصص کی لین دین میں اچانک مندی کا رجحان غالب رہا اور پوائنٹس 61 ہزار کی حد سے نیچے گر گئی اور گزشتہ روز کے مقابلے میں مزید 228 پوائنٹس تک گرگئی۔

اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک گزشتہ روز کے 60 ہزار 730 پوائنٹس سے 228.27 پوائنٹس یا 0.38 فیصد کمی کے ساتھ 60 ہزار 501.99 پوائنٹس پر بند ہوا۔

میٹس گلوبل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ کے ایس ای-100 انڈیکس میں رواں مالی سال کے دوران 47.91 فیصد جبکہ کلینڈر سال میں 51.69 فیصد اضافہ ہوا۔

ٹاپ لائنز سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹو محمد سہیل کے مطابق گزشتہ 5 ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ریٹرن ٹی بلز میں سرمایہ کاری کے 3 سال کے منافع سے زائد رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ آسان الفاظ میں ٹی بلز میں 100 روپے کی سرمایہ کاری پر 3 سال میں 50 روپے سے کم ریٹرن ملا جبکہ پی ایس ایکس سے 5 ماہ میں 50 روپے سے زائد منافع ملا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز (28 نومبر) کو کے ایس ای-100 انڈیکس 919 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 60 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گیا تھا۔

24 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 59 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد 187 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا۔

22 نومبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 827 پوائنٹس اضافے کے بعد 58 ہزار کی بلند ترین سطح عبور کر گیا تھا۔

اسی طرح 16 نومبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس 418 پوائنٹس اضافے کے بعد 57 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل 13 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1132 پوائنٹس اضافے کے بعد 56 ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا تھا، اس سے قبل 10 نومبر کو 55 ہزار، 8 نومبر کو 54 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

3 نومبر کو صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔

میٹس گلوبل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر گزشتہ روز بتایا تھا کہ اضافے کی وجوہات آئی ایم ایف پروگرام کے تحت دوسری قسط وصول ہونے کی توقعات، شرح سود میں کمی اور بہتر سیاسی صورتحال جیسی مثبت خبریں ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں