پہلے بچے کی قبل ازوقت پیدائش اور پھر انتقال کے دو سال بعد اداکارہ زارا نور عباس نے دوسری بار حاملہ ہونے کا اعلان کرلیا۔

زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شئیر کی جس میں انہیں مسکراتے اور ہاتھ میں ڈونٹ اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ عقب میں ان کے شوہر اسد صدیقی پودوں کو پانی دے رہے ہیں۔

اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’راؤنڈ 2، انشااللہ‘ اور ساتھ ہی بچے اور فیملی کی تصویر بھی لگائی جس سے واضح ہوتا ہے کہ اداکارہ دوسری بار حمل سے ہیں۔

زارا نور عباس کی جانب سے خوشخبری کے اعلان کے بعد ساتھی اداکاروں نے مبارک باد کے پیغامات بھیجنا شروع کردیے۔

اداکارہ اور ماڈل میرب نے لکھا کہ ’میں خالہ بننے کا انتظار نہیں کرسکتی، انشااللہ‘، اس کے علاوہ صبور علی، منال خان، ایمن خان، سارا خان، صدف کنول ، ماورہ حسین، اریشہ رضی خان اور دیگر اداکاروں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کو مبارک باد دی۔

زارا نور عباس اور اداکار اسد صدیقی نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کی خبریں ستمبر 2021 میں آئی تھیں مگر بعد ازاں یہ خبریں وائرل ہوئی تھیں کہ اداکارہ کا حمل ضائع ہوگیا۔

مگر اسد صدیقی نے ایک انٹرویو میں واضح کیا ان کی اہلیہ کا حمل ضائع نہیں ہوا تھا بلکہ بعض پیچیدگیوں کے باعث بچے کی قبل از وقت (6 ماہ کے) بچے کی پیدائش ہوئی تھی جو فوری طور پر انتقال کر گیا تھا جس کی تدفین انہوں نے اور ان کی شوہر نے خود کی تھی۔

زارا نور عباس اپنے پہلے کے انتقال کے بعد ڈپریشن کا بھی شکار ہوئی تھیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ بچے کی موت ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ تھا اور وہ ابھی تک اس غم سے نہیں نکل سکیں جب کہ وہ کافی عرصے تک خود کو بچے کی موت کا ذمہ دار سمجھتی رہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا تھا کہ دیگر خواتین کی طرح وہ بھی کافی عرصے تک یہی سوچتی رہی تھیں کہ اگر وہ اپنی خوراک کا درست خیال رکھتیں تو ان کا بچہ نہ مرتا۔

یاد رہے کہ زارا نور عباس نے اسد صدیقی سے دوسری شادی کی تھی، اس سے قبل انہوں نے پہلی شادی 2014 میں کم عمری میں بیرون ملک رہائش پذیر شخص سے کی تھی مگر 2017 کے آغاز میں ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں