ٹی وی میزبان اقرار الحسن کی تیسری شادی پر ان کی دوسری اہلیہ فرح اقرار نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے شوہر کو پہلے ہی تیسری شادی کی اجازت دے دی تھی۔

گزشتہ دو ہفتوں سے اقرار الحسن کی تیسری شادی کی چہ مگوئیاں ہیں، سوشل میڈیا پر ایک ٹی وی میزبان کے ہمراہ ان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ انہوں نے تیسری شادی کرلی۔

متعدد ویب سائٹس کے مطابق اطلاعات ہیں کہ اقرار الحسن نے میڈیا انڈسٹری سے وابستہ ایک خاتون سے تیسری شادی کرلی، تاہم فوری طور پر ٹی وی میزبان اور ان کے اہل خانہ نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

لیکن اب اقرار الحسن کی دوسری بیوی فرح اقرار نے شوہر کی تیسری شادی کی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے بھی سوشل میڈیا پر ان کے شوہر کی تیسری شادی کروا دی گئی تھی۔

نیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقرار الحسن کی جس خاتون سے تیسری شادی کی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، اسی خاتون سے سوال کیا جائے تو بہتر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ہر خبر سچ نہیں ہوتی اور وہ ایسی خبروں یقین بھی نہیں کرتیں۔

فرح اقرار کے مطابق ماضی میں ان سے متعلق بھی بہت ساری باتیں پھیلائی گئیں، انہیں بھی بہت زیادہ برا بھلا کہا گیا لیکن انہوں نے کبھی بھی کسی تنقید کا جواب نہیں دیا۔

انہوں نے واضح طور پر شوہر کی تیسری شادی کی تردید یا تصدیق نہیں کی، البتہ ذو معنی الفاظ میں کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں اور یہ کہ جس متعلق الزام لگایا جا رہا ہے، اسی خاتون سے پوچھا جائے تو بہتر ہوگا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر ان کے شوہر نے تیسری شادی کرلی تو کیا ہوگا؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ انہوں نے پہلے ہی شوہر کو تیسری شادی کی اجازت دے رکھی ہے۔

فرح اقرار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لیکن اقرا الحسن ہی کہتے ہیں کہ انہیں تیسری شادی نہیں کرنی، فرح بڑی تگڑی ہے۔

پروگرام کے دوران انہوں نے دوسرے موضوعات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ 2009 میں میڈیا میں بطور نیوز اینکر ان کی تنخواہ 27 ہزار روپے تھی پھر کچھ عرصے بعد تنخواہ بڑھ کر 40 ہزار روپے تک جا پہنچی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے جب ’اے آر وائی نیوز‘ میں کام کرنا شروع کیا تو ان کی تنخواہ ایک لاکھ روپے سے زائد ہوچکی تھی اور میڈیا کو چھوڑتے وقت یعنی 2022 تک ان کی تنخواہ ماہانہ 3 لاکھ روپے تک جا پہنچی تھی۔

سابق ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں ملازمت کرنے سے زیادہ سوشل میڈیا پر کمائی ہوتی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ماہانہ 300 امریکی ڈالر تک کما لیتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج تک سوشل میڈیا پر ان کی سب سے زیادہ کمائی ماہانہ 700 امریکی ڈالر تھی، تاہم وہ اوسطاً ماہانہ 250 سے 300 امریکی ڈالر کماتی ہیں۔

فرح اقرار کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر عام طور پر5 لاکھ ویوز پر 250 سے 300 امریکی ڈالر کی کمائی ہوتی ہے اور ہر کسی کو پانچ لاکھ ویوز نہیں ملتے۔

خیال رہے کہ فرح اقرار نے 2012 میں ٹی وی میزبان اقرار الحسن سے شادی کی تھی لیکن انہوں نے اس کا اعتراف کئی سال بعد میں کیا تھا۔

اقرار الحسن نے پہلی شادی 2006 میں نیوز اینکر قرۃ العین سے کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں