پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران مثبت رجحان کے بعد دوپہر میں مندی دیکھی گئی اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس کم ہوگیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 34 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 456 پوائنٹس اضافے کے بعد 66 ہزار 586 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

تاہم یہ رجحان برقرار نہ رہا اور دن کا اختتام 925 پوائنٹس یا 1.4 فیصد کمی کے بعد 65 ہزار 205 پر ہوا، جو گزشتہ روز 66 ہزار 130 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے ایس ای-100 انڈیکس 680 پوائنٹس اضافے کے بعد 66 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

میٹس گلوبل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا تھا کہ متعدد مثبت پیش رفت کی وجہ سے اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر غیر ملکی سرمایہ کو راغب کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے، 3 نومبر کو ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا، جبکہ 10 دسمبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس پہلے 65 ہزار اور بعد ازاں تاریخ میں پہلی بار 66 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

7 دسمبر کو پی ایس ایکس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 800 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 64 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

6 دسمبر کو بھی پی ایس ایکس میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا سلسلہ جاری رہا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 63 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل 4 دسمبر کو 100 انڈیکس 802 پوائنٹس یا 1.3 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 493 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں