عراق: پر تشدد واقعات میں آٹھ افراد ہلاک
بغداد: بغداد کے شمال میں ایک آئل ریفائنری کے قریب دو بم دھماکوں سمیت دیگر واقعات کے دوران عراق میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ حملے ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب گزشتہ روز القاعدہ سے منسلک ایک گروہ نے بغداد میں گزشتہ ہفتے ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
صلاح الدین صوبے میں واقع بیجی آئل ریفائنری کے قریب یکے بعد دیگرے دو دھماکے ہوئے جس کے باعث دو افراد ہلاک جبک تین زخمی ہوگئے۔
ادھر تکرت صوبے میں عسکریت پسندوں نے پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کردی جس سے تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
پیر کے روز ہی دیگر واقعات میں تین مزید افراد مارے گئے جن میں ایک مبینہ عسکریت پسند بھی شامل ہے جسکے القاعدہ کے ساتھ روابط بتائے جاتے ہیں۔
عراق میں اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال تشدد میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث تقریباً چار ہزار افراد مارے جاچکے ہیں۔