انتخابات 2024ء کے لیے جماعت اسلامی پاکستان نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا ہے جو کہ درج ذیل ہے۔

قرآن و سنت کی بالادستی کے مطابق پاکستان اسلامی جمہوری،خوشحال ترقی یافتہ ہوگا۔ غیر اسلامی قوانین، جاگیر داری، سودی معیشت، کرپشن، فحاشی و عریانی کا خاتمہ۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے حتمی، اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو۔ پارلیمنٹ سے تمام رپورٹس کی منظوری اور عمل درآمد ہوگا۔ جمعہ کی چھٹی بحال۔ شرعی سزاؤں کے نفاذ ودیگر اقدامات سے جرائم کی بیخ کنی کا مؤثر نظام، عدالتی نظام میں انقلابی تبدیلیاں، فیصلے زیادہ سے زیادہ 6 ماہ میں ہوں گے۔ ماورائے آئین و عدالت گرفتاریاں، قتل اور لاپتا کرنے کاسلسلہ بند۔ مساجد و مدارس کا مکمل تحفظ ہوگا۔

جمہوری پاکستان

اسلامی احکامات، آئین، جمہوریت اور سول حکومت کے تحفظ کے لیے پارلیمنٹ کی بالادستی، الیکشن کمیشن کی انتظامی مالیاتی، عدالتی خود مختاری، متناسب نمائندگی، 62-63 پر عمل کے لیے آزاد خود مختار کمیشن اور قانون کی یقینی حکمرانی ہوگی۔ اداروں کی سیاست میں مداخلت ختم، ہر ادارہ صرف اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرے گا۔

مضبوط آزاد پاکستان

پاکستان آئی ایم ایف، بیرونی قرضوں، غیر ملکی غلامی سے آزاد۔ اسلامی اقدار، ختم نبوت، ناموس رسالت پرعالمی دباؤ سے انکار اور آزادی فلسطین وکشمیر کا محافظ عالم اسلام کی قیادت کرتا ہوا ملک بنے گا۔ تمام عالمی معاہدات کی پارلیمنٹ سے لازمی منظوری ہوگی۔

خوشحال پاکستان

زراعت، صنعت، برآمدات کو ترقی اور زرمبادلہ کو بڑھانے والی اسکیمیں جاری کرکے معیشت مضبوط کریں گے۔ جاگیر داروں، امیروں پر آمدن کے مطابق ٹیکس،کاروباری طبقہ کے لیے شرح ٹیکس میں کمی، ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا۔ بدعنوان عناصر کے لیے موت اور عمر قید سمیت سخت سزائیں۔ پلی بارگین ختم۔

موجودہ و سابقہ وزرا، سول و فوجی افسران، ججز سمیت سب کی قیمتی لگثرری گاڑیاں، مفت پٹرول، بجلی ودیگر غیرقانونی مراعات ختم کریں گے۔

کرپشن کے خاتمہ کے لیے سرکاری اداروں کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز، فری آئی ٹی ٹریننگ، سستے انٹرنیٹ کنکشن، ڈیٹا سائنس اور مصنوعی ذہانت کی تعلیم کی حوصلہ افزائی، سافٹ وئیر کی مضبوط ایکسپورٹ پالیسی۔

مہنگائی ختم، جی ایس ٹی صرف 5 فیصد تک، درمیانی واسطے کم کرکے سستے بازاروں کے ذریعہ کسان و صارف کو فائدہ، تنخواہوں اور پنشنز میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ۔ زکوٰۃ و عُشر کے مکمل نفاذ کے ذریعہ ایک کروڑ خاندانوں کو باعزت طریقے سے دو لاکھ روپے سالانہ کی مدد دیں گے۔

روشن پاکستان

ہائیڈرو یعنی پن بجلی کے لیے نئے ڈیم، وِنڈ ٹربائن، شمسی توانائی کے پینل کی تیاری کے لیے پُرکشش ترغیبات۔ تمام سرکاری عمارتوں میں سولر، 50 لاکھ مستحق گھروں کو سولر کِٹ سستی اور قسطوں پر دیں گے۔

بجلی و گیس کے بلوں میں شامل ٹیکس، غیرمتوازی سلیب، بجلی چوری، سرکاری و غیر سرکاری نادہندگی ختم کرکے بلوں میں 20فیصد کمی کریں گے۔ ہر مستحق خاندان کو 100 یونٹ بجلی مفت ہوگی۔

باوقار عورت کا پاکستان

عورت کو اسلام کے عطا کردہ تمام معاشرتی، معاشی، خاندانی، تعلیمی حقوق، حق وراثت، حقِ کفالت، حق مہر، حق ملکیت، حق ملازمت وکاروبار، حق حفاظت، حق عزت کا مکمل تحفظ۔زیادہ خواتین یونیورسٹیاں و علیحدہ تعلیمی ادارے۔ سخت شرعی سزاؤں کے ذریعے عورت کے ساتھ ہر طرح کی زیادتیوں کا خاتمہ مفت اور فوری انصاف کی فراہمی۔ خواتین محتسب ادارے کا قیام۔ ایک وقت میں طلاق ثلاثہ، تعزیری جرم۔ اپنی خواتین کو وراثت نہ دینے والوں پر انتخاب میں حصہ لینے اور بیرون ملک سفرپر پابندی۔

میٹرک تک مفت تعلیم گھر کے قریب ملازمت کی سہولت 10 لاکھ ہنر مند خواتین کو بلاسود کاروباری قرضے۔

غیر اسلامی معاشرتی رسوم، جہیز کے مطالبات، قرآن سے شادی، ونی، وٹہ سٹہ، سورہ، کاروکاری، غیرت کے نام پر قتل کا مکمل سدباب، ہر پبلک سروس میں علیحدہ ڈیسک۔

تعلیم یافتہ پاکستان

تعلیم بنیادی حق۔ سو فیصد خواندگی، میٹرک تک تعلیم لازمی اور مفت۔ یکساں نظام تعلیم، اسلامی تعلیمات اور قرآن با ترجمہ لازمی۔ 50 نئی یونیورسٹیاں، تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کا 5 فیصد اعلیٰ تعلیم کے لیے بلاسود قرضے، مخلوط نظام تعلیم کا خاتمہ، تعلیمی ادارے منشیات سے پاک، طلبہ یونین بحال۔ اردو ذریعہ تعلیم اور سرکاری دفتری و عدالتی زبان ہوگی۔مقابلے کے امتحان اردو میں بھی ہوں گے۔

جوانوں کا پاکستان

یوتھ بینک کے ذریعہ 50 لاکھ جوانوں کو بلاسود کاروباری قرضے۔ زرعی گریجویٹس کو آباد کاری کے لیے لیز پر بنجر رقبہ الاٹ۔

’بنو قابل‘ پروگرام کے تحت جوانوں کو مفت آئی ٹی ٹریننگ۔ سستے انٹرنیٹ کنکشن و لیپ ٹاپ کمپیوٹر فراہم۔

کھیل کے میدانوں میں اضافہ، سیاسی و انتخابی عمل میں جوانوں کی شرکت، یوتھ پارلیمنٹ کا قیام۔ شادی آسان پروگرام کے ذریعے تعاون۔

صحت مند پاکستان

تمام ہسپتالوں میں 24گھنٹے او پی ڈی اور ایمرجنسی سروس مہیا۔ مستحقین کے لیے 6 امراض (دل،گردہ، ہیپاٹائٹس،کینسر، ایڈز، ٹی بی، منشیات) کا مفت علاج۔ تمام ہسپتالوں میں تمام امراض کے اسپیشلٹ ڈاکٹر مقرر۔ اضلاع کی سطح پر برن یونٹس۔

صحت بجٹ میں 50 فیصد اضافہ۔ طب نبویؐ، ہومیو پیتھی وہربل طریقہ علاج کی مکمل سرپرستی۔ ڈاکٹرز کو روزگار کا تحفظ، ادویات سستی و جنرک ناموں پر میسر۔

ہائی ویز پر ہر 50 کلو میٹر اور موٹر ویز پر ہر انٹرچینج پر ٹراماسنٹرز۔ ایمرجنسی ہیلتھ ہیلی کاپٹر سروس۔

سرسبز پاکستان

کسانوں کو بجلی پانی، ڈیزل کھاد زرعی آلات سستے داموں میسر۔ خریداری کے لیے بلاسود قرضے۔

فی ایکٹر پیداوار دوگنی۔ مائیکرو فنانسنگ کے ذریعے 10 لاکھ کسانوں کو سولر زرعی ٹیوب ویل فراہم۔ بے زمین کسانوں کو غیر آباد سرکاری زمینیں پانی کی سہولت کے ساتھ آباد کاری کے لیے فراہم۔ دیہی علاقوں میں ایگرو بیسڈ انڈسٹری وڈیری فارمنگ، ماہی گیری و پولٹری کو فروغ۔

مزدور کا پاکستان

رسول اللہﷺ کے فرمودات کے مطابق قومی لیبر پالیسی، سرکاری و نجی اداروں میں یومیہ اجرت کا خاتمہ کرکے اسامیاں مستقل۔ تمام مزدوروں کی لازمی رجسٹریشن۔

اجرت و تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ۔ منافع میں حصہ۔

رہائش، علاج، تعلیم، بڑھاپا الاؤنس کے لیے مزدور ویلفیئر کارڈ۔

کان کنوں، ماہی گیروں، کھیت و بھٹہ مزدوروں کو مکمل تحفظ، لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ہر طرح کے انتخابات کے لیے نااہل۔

غیر مسلم برادری کا پاکستان

اقلیت کے بجائے غیر مسلم پاکستانی برادری کی اصطلاح۔ تعلیم، روزگار علاج و شہری حقوق میں برابری کے حصہ دار۔ جان ومال، عزت و آبرو اور عبادت گاہوں کا تحفظ۔

محفوظ پاکستان

نظریاتی جغرافیائی سرحدوں کا مضبوط دفاع۔ عالم اسلام، چین سمیت ہر ملک سے باوقار آزاد خارجہ تعلقات۔

ایٹمی پروگرام پر ہر بیرونی دباؤ سے انکار۔ سروسز چیفس کی تقرری سنیارٹی اور میرٹ پر۔ دفاعی بجٹ کے لیے صوابدیدی اختیارات کا خاتمہ، جوانوں کے لیے لازمی فوجی تربیت۔ آزادی کشمیر ترجیحِ اول۔

سمندر پار پاکستانیوں کا پاکستان

ووٹ اور نمائندگی کا حق۔ جائیدادوں،اثاثوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی، پاسپورٹ، شناختی کارڈ وغیرہ کے لیے آن لائن سہولت، امیگریشن وکسٹم پر عزت واحترام کے ساتھ سہولتیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں