مالی میں سونے کی کان میں حادثہ، 70 سے زائد افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2024
مالی، افریقہ کے سونا پیدا کرنے والے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
مالی، افریقہ کے سونا پیدا کرنے والے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

افریقی ملک مالی میں سونے کی کان میں حادثے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق مالیان کے جنوب مغربی قصبے کنگابا میں سونے کی کان کنوں کے گروپ کے عہدیدار عمر سیدیبی نے جمعہ کو پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا کہ ’معاملہ ایک شور کے ساتھ شروع ہوا اور یکایک زمین ہلنے لگی، سونے کی کان میں مزدوروں کی تعداد 200 سے زیادہ تھی، تلاش اب ختم ہو گئی ہے اور ہمیں 73 لاشیں ملی ہیں۔‘

ایک مقامی کونسلر نے بھی حادثے میں ہلاک مزدوروں کی اسی تعداد کی تصدیق کی۔

مالی کی کانوں کی وزارت نے منگل کو ایک بیان میں متعدد کان کنوں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا، لیکن درست اعداد و شمار نہیں بتائے تھے۔

حکومت نے ’غم زدہ خاندانوں اور مالی کے عوام کے ساتھ گہری تعزیت‘ کا اظہار کیا ہے۔

اس نے کان کنی کی جگہوں اور سونے کی کان کنوں کے قریب رہنے والی برادریوں سے بھی کہا کہ وہ حفاظتی تقاضوں کا احترام کریں اور صرف گولڈ پیننگ کے لیے وقف کردہ حدود میں کام کریں۔

مالی، جس کا شمار دنیا کے غریب ترین ممالک میں ہوتا ہے، افریقہ کے سونا پیدا کرنے والے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے۔

سونے کی کان کنی کی جگہوں پر باقاعدگی سے مہلک لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آتے ہیں اور حکام، دھات کی مصنوعی کان کنی کو کنٹرول کرنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔

گزشتہ سال مارچ میں اس وقت کے وزیر کان کنی سیڈو ٹرور نے کہا تھا کہ مالی نے 2022 میں 72.2 ٹن سونا پیدا کیا اور اس دھات نے قومی بجٹ میں 25 فیصد، برآمدی آمدنی میں 75 فیصد اور جی ڈی پی میں 10 فیصد حصہ ڈالا۔

تبصرے (0) بند ہیں