بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل جیونی میں سرکاری اسکول کے اسپورٹس روم میں کریکر حملہ کیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں چھت کو نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ کریکر حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملزمان کی تلاش جاری ہے، مزید کہا کہ اسکول میں عام انتخابات کےلیے پولنگ اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دنوں سے بلوچستان میں حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ روز کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں دھماکے کئے گئے تھے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر دھماکے سے ایک شخص شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

مطابق کوئٹہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس اپی) پولیس آپریشنز جواد طارق نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

گزشتہ روز ہی علیحدہ واقعے میں رات گئے نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے شالکوٹ تھانے پربھی دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے، علاوہ ازیں، بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں بھی شرپسندوں کی جانب سے دستی حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی جعفر آباد فریال فرید نے میڈیا نمائندوں کو بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر کھڑی ایک ٹرک پر دستی بم پھینکا جو روڈ کنارے گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں ہونے والے دھماکوں کا نوٹس لے لیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں