پاکستان اور امریکی کنسورشیم کے درمیان روزویلٹ ہوٹل کے معاہدے پر دستخط

03 فروری 2024
حکومت کے جاری نجکاری پروگرام میں روزویلٹ ہوٹل کو ترجیح حاصل رہی ہے—فائل فوٹو: ڈان
حکومت کے جاری نجکاری پروگرام میں روزویلٹ ہوٹل کو ترجیح حاصل رہی ہے—فائل فوٹو: ڈان

نگران حکومتِ پاکستان نے روزویلٹ ہوٹل کی مشترکہ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے امریکی کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر دستخط کرلیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’روزویلٹ ہوٹل‘ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن انویسٹمنٹ لمیٹڈ (پی آئی اے آئی ایل) کی زیرملکیت ملٹی ملین پراپرٹی ہے، یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خسارے کا شکار پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل ہونے کے قریب ہے۔

جونز لینگ لاسالے امیرکاز انکارپوریٹد (جے ایل ایل) کی زیر قیادت امریکی کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر نجکاری کمیشن (پی سی) میں دستخط کیے گئے۔

حکومت کے جاری نجکاری پروگرام میں روزویلٹ ہوٹل کو ترجیح حاصل رہی ہے، رئیل اسٹیٹ کی فہرست میں 4 ادارے تھے، لاہور میں سروسز انٹرنیشنل ہوٹل اور وفاقی حکومت کی ملکیت یا زیرانتظام پراپرٹیز کی فروخت کے لیے لین دین مکمل کر لی گئی ہے، فہرست میں اب صرف جناح کنونشن سینٹر اور روزویلٹ ہوٹل باقی ہیں۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد نے مالیاتی مشاورتی کنسورشیم کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کے بدولت بہترین ممکنہ شراکت داروں کو تلاش کیا جائے گا اور حکومتِ پاکستان کے لیے اس کی ترقی سے زیادہ سے زیادہ ممکنہ قدر حاصل کی جا سکے گی۔

اس کے بعد ہونے والے اجلاس میں ایک تفصیلی روڈ میپ اور مخصوص وقت کے اندر اہداف کے حصول پر بھی اتفاق کیا گیا جس کے نتیجے میں اس منصوبے کے لیے ممکنہ جوائنٹ وینچر پارٹنرز کی شناخت اور انتخاب کیا جائے گا۔

نگران وزیر نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان دنیا کے معاشی دارالحکومت کے مرکز میں واقع اِس تاریخی مقام کو جدید ترین خصوصیات اور معیارات کے ساتھ ایک شاندار اسٹرکچر کے طور پر تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں