پاکستان سپر لیگ 9 کے میچ آفیشلز کا اعلان، آئی سی سی کے ایلیٹ پینل کے چار امپائرز بھی شامل

12 فروری 2024
لیگ کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی
لیگ کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں سیزن کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔

لیگ کے پہلے مرحلے میں 17 سے 27 فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ کراچی اور راولپنڈی میں 28 فروری سے 12 مارچ تک 16 میچ کھیلے جائیں گے۔

14 سے 18 مارچ تک کراچی میں ہونے والے کوالیفائر، دو ایلیمینیٹر اور فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ میچ آفیشلز میں آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے چار ارکان رچرڈ النگورتھ، کرس گیفینی، احسن رضا اور مائیکل گف کے ساتھ علیم ڈار، طارق رشید، شوزیب رضا، راشد ریاض، فیصل آفریدی، روچیرا پالیا گوروگے، آصف یعقوب، الیکس وارف، عبدالمقیت، محمد آصف ناصر حسین اور عمران جاوید شامل ہیں۔

غیر ملکی امپائرز میں سے رچرڈ النگورتھ اس سے قبل لیگ کے چھ ایڈیشنز میں امپائر رہ چکے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل میں 48 میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔

انگلینڈ کے مائیکل گف اس سے قبل چار ایڈیشنز کے 34 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں، اس کے بعد الیکس وارف 11 اور سری لنکا کے روچیرا پالیا گوروگے 3 میچز میں امپائر رہ چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کرس گیفینی 18 فروری کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان لیگ میں اپنا پہلا میچ سپروائز کریں گے۔

روشن ماہناما جنہوں نے لیگ کے 97 میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیے ہیں وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق رکن بھی ہیں اور مسلسل نویں سال پی ایس ایل میں ہوں گے اور تین میچ ریفریوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن کے دیگر اراکین علی نقوی اور محمد جاوید ہیں۔

لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں تجربہ کار امپائر علیم ڈار اور مائیکل گف امپائرنگ کریں گے۔

طارق رشید ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ شوزیب رضا ریزرو امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری کے فرائض محمد جاوید سرانجام دیں گے۔

کمنٹیٹرز کا اعلان

پاکستان سپر لیگ کے 9ویں سیزن کے کمنٹیٹرز کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

پی ایس ایل سیزن 9 میں پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجا کی بطور کمنٹیٹر واپسی ہوئی ہے۔

کمنٹری پینل میں وقار یونس، عامر سہیل، ثنا میر، بازید خان، عروج ممتاز، مرینا اقبال شامل ہیں۔

دیگر کمنٹیٹرز میں این بیشوپ، مائیکل کلارک، ڈینی موریسن، سائمن ڈول، پومی امبنگوا اور مارک بوچر شامل ہیں۔

سکندر بخت، ڈومینک کورک، طارق سعید، علی یونس اور مائک ہسمین بھی کمینٹری پینل کا حصہ ہیں۔

اسی طرح زینب عباس اور آسٹریلوی ایرین ہالینڈ بطور پریزنٹر پی ایس ایل نائن میں فرائض انجام دیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں