پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں اسلم اقبال کی جانب سے اپنے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس میں 2 ہفتے کے لیے ان کی راہداری ضمانت منظور کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس عتیق شاہ نے سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا کی حد تک ہم تفصیلات فراہمی کا کہہ سکتے ہیں لیکن پنجاب کےکیسز کا ہم کیسے کہہ سکتے ہیں؟ وفاقی حکومت کےکیسز ہوں تو ان سے بھی تفصیل طلب کرسکتے ہیں۔

اس پر جسٹس عتیق شاہ نے دریافت کیا کہ کیا میاں اسلم کے خلاف خیبرپختونخوا میں کیسز درج ہیں؟

درخواست گزرا کے وکیل نے بتایا کہ ان کے خلاف خیبرپختونخوا میں کیسز نہیں ہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ ہمیں اتنی اجازت دی جائے کہ متعلقہ عدالتوں میں ہم پیش ہوں، تب تک گرفتار نہ کیا جائے، میاں اسلم پنجاب کے لیے نامزد وزیراعلٰی بھی ہے۔

اس پر جسٹس عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ امید ہے کہ یہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نہیں بنیں گے، وکیل نے کہا کہ میاں اسلم صاحب قابل سیاستدان ہیں، یہ بزدار کی طرح ہوں گے۔

جسٹس عتیق شاہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ قابل انسان ہیں مگر بدقسمتی سے ان جیسا قابل انسان بھی عثمان بزدار کی کابینہ میں بیٹھا رہا۔

بعد ازاں عدالت نے میاں اسلم اقبال کو 2 ہفتے میں لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے تب تک انہیں گرفتار نا کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں