پی ایس ایل9 میں قلندرز کو لگاتار تیسری شکست، سلطانز 5 وکٹوں سے فتحیاب

اپ ڈیٹ 22 فروری 2024
محمد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
محمد علی نے دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے محمد رضوان اور افتخار احمد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 5 وکٹوں سے فتح حاصل کرتے ہوئے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو ایونٹ میں لگاتار تیسری شکست سے دوچار کردیا۔

ملتان میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

لاہور قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان دوسرے ہی اوور میں صرف دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 94 رنز جوڑ کر ایک اچھے اسکور کی بنیاد فراہم کی۔

ڈوسن نے نصف سنچری اسکور کی اور 37 گیندوں پر دو چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ سے فخر زمان نے بھی 41 رنز کی باری کھیلی لیکن 36 گیندیں کھیلنے کے باوجود وہ نصف سنچری اسکور نہ کر سکے۔

سکندر رضا نے 16 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے کے موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور محمد علی کی دوسری وکٹ بن گئے۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔

سلطانز کی جانب سے محمد علی ایک مرتبہ پھر 2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان نے شاہین کی جانب سے کرایا گیا پہلا اوور میڈن کھیلا اور اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر ڈیوڈ ملان بغیر کوئی رن بنائے زمان خان گیند پر بولڈ ہو گئے۔

گزشتہ دو میچوں میں عمدہ باریاں کھیلنے والے ریزا ہینڈرکس اس مرتبہ صرف 9 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے جبکہ یاسر خان بھی صرف 8 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے محمد رضوان ڈٹے رہے اور اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجے گئے ڈیوڈ ولی کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 75 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ایک اور شاندار باری کھیلتے ہوئے 59 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی باری کھیلی۔

رجوان کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد نے میدان سنبھالا اور انہوں نے ڈیوڈ ولی کے ساتھ مل کر اسکور کو 146 تک پہنچا دیا لیکن اسی مرحلے پر ولی کی 25 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

آخری دو اوورز میں سلطانز کو فتح کے لیے 21 رنز درکار تھے لیکن افتخار نے اسی اوور میں زمان خان کو 24 رنز جڑ کر اپنی ٹیم کو ایک اوور قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

افتخار نے بہترین جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور زمان خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

82 رنز کی اننگز کھیلنے والے رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی کی بدولت ملتان سلطانز نے ایونٹ میں لگاتار تیسری فتح حاصل کر لی جبکہ دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو لگاتار تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، راسی وین ڈر ڈوسن، عبداللہ شفیق، سکندر رضا، جیارج لنڈے، کارلوس بریتھ ویٹ، جہانداد خان، حارث رؤف اور زمان خان۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، ڈیوڈ ملان، ریزا ہینڈرکس، یاسر خان، خوشدل شاہ، افتخار احمد، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی اور شاہنواز دھانی۔

تبصرے (0) بند ہیں