مریم نواز کا وزارت اعلیٰ تک پہنچنے کا سیاسی سفر
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز آج پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلٰی منتخب ہوگئی ہیں۔
عام انتخابات 2024 میں مریم نواز این اے 119 اور پی پی 159 سے کامیاب ہوئی تھیں، مریم نواز 220 ووٹ لے کر پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار رانا آفتاب نے صفر ووٹ حاصل کیا۔
نو منتخب وزیر اعلٰی پنجاب و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف 28 اکتوبر 1973 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم نونٹ آف جیسس اینڈ میری اسکول سے حاصل کی ، بعد ازاں مریم نواز کو کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے داخلے کے تنازع پر میڈیکل کی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی۔
انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، سن 1992 میں سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں، مریم نواز تین بچوں جنید صفدر، مہرالنسا صفدر اور ماہ نور صفدر کی ماں ہیں ۔
انہوں نے سیاسی محاذ پر اپنے کیریئر کی شروعات 2012 میں کی، مریم نواز نے 2013 میں مسلم لیگ (ن) کی الیکشن مہم کی سربراہی کی، وہ 2013-2014 میں پرائم منسٹر یوتھ اسکیم کی سربراہ بھی رہیں، انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی اپنی پارٹی کے لیے بھرپور مہم چلائی۔
2018 میں مریم نواز کو ایون فیلڈ کیس میں جیل ہوئی، انہوں نے والد کے ساتھ جیل کاٹ کر اپنی والدہ کلثوم نواز کا مزاحمتی کردار بھی دہرایا۔
2018 کے عام انتخابات سے محض 12 دن قبل وہ اپنے والد میاں نواز شریف کے ساتھ لاہور ائیرپورٹ پر پہنچیں تو انہیں طیارے کے اندر سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کو سات برس قید اور ساتھ ہی دس برس تک انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے لیے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔
تاہم گزشتہ برس ستمبر 2023 میں اسلام آباد کی ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ کیس میں مریم نواز کی سزا ختم کر دی تھی اور وہ دوبارہ انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے لیے اہل ہو گئیں۔ اس طرح حالیہ عام انتخابات میں پہلی مرتبہ انہوں نے انتخابی سیاست میں قدم رکھا۔
3 جنوری 2013 کو وہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر منتخب ہوئیں اور آج مریم نواز نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلٰی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔