پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 20ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے دیا۔

پشاور نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 196 رنز بنائے۔

28 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد آغا سلمان اور کپتان شاداب خان نے میدان سنبھالا اور ٹیم کا اسکور 93 تک پہنچایا۔

اس موقع پر آغا سلمان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 37 کے انفرادی اسکور پر سلمان ارشاد کا شکار بن گئے۔

دوسری طرف شاداب خان کا جارحانہ انداز جاری رہا اور وہ چار چوکوں اور چھ چھکوں سے مزین 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کے جارڈن کوکس اور اعظم خان بالترتیب 26 اور 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور کے صائم ایوب نے 2 جبکہ سلمان ارشاد اور لیوک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں پشاور بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور اس کے 5 کھلاڑی محض 18 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد پال والٹر اور عامر جمال نے ٹیم کو سہارا اور اسکور 125 رنز تک پہنچایا جس کے بعد پال والٹر 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

عامر جمال نے آٹھ چوکوں اور چھ چھکوں کے ساتھ 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن یہ ٹیم کے کام نہ آسکی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 167 رنز ہی بنا سکی اور اسے 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اسلام آباد کے شاداب خان نے 3، رومان رئیس اور حنین شاہ نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو اپنا شکار بنایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں