وزیراعظم شہباز شریف نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائزری صدر آصف علی زرداری کو بھجوائی تھی اور ان کی منظوری کے بعد انہیں توسیع دے دی ہے، تاہم اس پیشرفت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر بابر فور اسٹار ایئر فورس افسر اور 16ویں چیف آف ایئر سٹاف ہیں، انہوں نے 19 مارچ 2021 کو اپنے پیشرو ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے فضائیہ کے بعد کمان سنبھالی تھی۔

11 مارچ کو ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو نے نومنتخب وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی، وزیراعظم آفس سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو نے وزیراعظم شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ملاقات کے دوران انہوں نے پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں