جویریہ خان کا عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2024
—فائل فوٹو:اے ایف پی
—فائل فوٹو:اے ایف پی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق انہوں نے اپنے 15 سالہ ون ڈے کریئر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا میں شیڈول ویمنز ایشیاکپ میں کیا تھا جب کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کا آغاز 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا تھا۔

جویریہ نے 228 عالمی میچوں میں پاکستان ویمنز ٹیم کی نمائندگی کی اور 4 ہزار 903 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

انہوں نے 28 عالمی وکٹیں بھی حاصل کیں، جویریہ اس وقت پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی 20 میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں اور بسمہ معروف کے علاوہ ہر فارمیٹ میں 2 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر ہیں۔

انہوں نے 50 اوورز کے 4 ورلڈ کپ اور تمام 8 ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی، جویریہ پاکستان ویمنز ٹیم اسکواڈ کا بھی حصہ تھیں جنہوں نے چین اور جنوبی کوریا میں منعقدہ 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا، جویریہ نے 17 ون ڈے اور 16 ٹی 20 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

انہوں نے خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دو ایڈیشنز (2018 اور 2020) میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

جویریہ خان نے اس حوالے سے کہا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور یہی وقت ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں تاہم میں لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہوں گی، میں اپنے پورے کریئر میں ملنے والی حمایت پر شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان، ٹیم کی ساتھیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنے ادراے زیڈ ٹی بی ایل کا ہر قدم پر تعاون اور رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جن کی حوصلہ افزائی نے مجھ میں بہترین کارکردگی کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے دنیا بھر میں پاکستان کا جھنڈا تھامنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔

ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور تمام کرکٹ فینز کی طرف سے وہ جویریہ خان کے شاندار کریئر اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلے کے ساتھ ان کے شاندار ریکارڈز خود ہی بیان کررہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ ان کا شاندار کریئر ملک کی بہت سی لڑکیوں کو نہ صرف اس کھیل میں حصہ لینے بلکہ کئی سال تک اس میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں