نیوزی لینڈ کے اہم کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان کے بجائے آئی پی ایل کو ترجیح دی، جنید خان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر جنید خان نے دورہ پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بجائے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو ترجیح دینے پر نیوزی لینڈ کے اہم کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے مایوسی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آج نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف رواں ماہ 18 اپریل سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے آل راؤنڈر مائیکل بریس ویل پہلی مرتبہ کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ٹرینٹ بولٹ، ڈیون کانوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مچل، گلین فلپس، راچن رویندرا، مچ سینٹنر اور کین ولیمسن انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے پاکستان کے خلاف 18 اپریل کو شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں ہوں گے۔
بعدازاں جنید خان نے ایکس پر لکھا کہ ’یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے کہ لیگز (آئی پی ایل) کو ٹیم پر ترجیح دی جارہی ہے جس کی وجہ سے انہیں عزت ملی، نیوزی لینڈ 11 سے 12 سینئر کھلاڑی بین الاقوامی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے ول ینگ جبکہ گھریلو مصروفیات کی باعث ٹام لیتھم بھی دستیاب نہیں ہو پائیں گے اور ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت دورہ پاکستان کیلئے آرام دیا گیا ہے۔
دورہ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں تجربہ کار اور نئے ٹیلنٹ کو شامل کیا گیا ہے، ان میں 7 کھلاڑی پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ رہ چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ اسکواڈ:
مائیکل بریس ویل، فن ایلن، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میکونچی، ایڈم ملنے، جمی نیشم، ول اوورکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی
پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول
14 اپریل – نیوزی لینڈ کی پاکستان آمد
16-17 اپریل – ٹریننگ/پریکٹس
18 اپریل - پہلا ٹی ٹوئنٹی، راولپنڈی
20 اپریل - دوسرا ٹی ٹوئنٹی، راولپنڈی
21 اپریل - تیسرا ٹی ٹوئنٹی، راولپنڈی
25 اپریل - چوتھا ٹی ٹوئنٹی، لاہور
27 اپریل - پانچواں ٹی ٹوئنٹی، لاہور