وزیراعظم کی افطار پر محمد بن سلمان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

وزیر اعظم شہباز اور سعود عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کا منظر— فوٹو افتخار شیرازی
وزیر اعظم شہباز اور سعود عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کا منظر— فوٹو افتخار شیرازی

وزیراعظم شہبازشریف نے آج افطار کے موقع پر سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات کی جبکہ دونوں رہنماؤں میں دوطرفہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے وزیر اعظم کو اپنے وفد کے ہمراہ افطار کی دعوت دی تھی۔

محمد بن سلمان سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے سعودی حکام کی جانب سے اپنے اور وفد کے والہانہ استقبال پر شکریہ بھی ادا کیا۔

دونوں رہنمائوں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی رفتار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

افطار کے بعد وزیراعظم اور محمد بن سلمان میں دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افطار کے موقع پر شہباز شریف کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، اسحٰق ڈار سمیت وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

افطار کے موقع پر وفاقی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے— فوٹو: افتخار شیرازی
افطار کے موقع پر وفاقی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے— فوٹو: افتخار شیرازی

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے تو مکہ کے ریلوے اسٹیشن پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم مغرب اور عشا کی نماز حرم پاک میں ادا کریں گے جبکہ قیام اللیل میں ختم قرآن کی دعا میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم گزشتہ روز تین روزہ دورہ سعودی عرب پر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔

وزیراعظم نے رات مسجد نبویﷺ میں گزاری جہاں انہوں نے نماز عشا اور نوافل ادا کیے اور روضہ رسولﷺ پر حاضری دی۔

انہوں نے خاص طور پر امت مسلمہ اور قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

شہباز شریف نے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔

وزیر اعظم کے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی کابینہ کے اراکین وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطااللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمرہ ادائیگی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں، پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی عزت اور احترام رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں