آرمی چیف کا پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں افطار ڈنر

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2024
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا—فوٹو:آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا—فوٹو:آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی ہاؤس راولپنڈی میں دیئے گئے افطار ڈنر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی اور دیگر بورڈ آفیشلز نے شرکت کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اپنی گفتگو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی ٹیم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ قومی کرکٹرز نے کاکول میں بہترین تربیتی کیمپ کے انعقاد اور پاک فوج کی کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے کاکول ایبٹ آباد میں آرمی اسکول آف اسپیشل ٹریننگ میں تربیتی کیمپ مکمل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے لگایا گیا کاکول فٹنس کیمپ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا تھا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے کاکول فٹنس کیمپ 26 مارچ کو شروع ہوا تھا، کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور اسٹرینتھ پر بھرپور توجہ دی گئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں کرکٹرز کے فزیکل ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی مشق میں حصہ لے رہے ہیں، اس دوران اعظم خان سمیت دیگر کرکٹرز وزنی پتھر اُٹھا کر پہاڑ کی چوٹی پر پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

کیمپ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا تھا کہ کیمپ سے ٹیم کی فٹنس اور یکجہتی میں فائدہ ہوگا، وہ تیسری بار کاکول کیمپ میں ٹریننگ کا حصہ بنے، جب بھی آئے کچھ سیکھ کر گئے، اس کیمپ کا اصل مقصد ٹیم میں اتحاد تھا اور اس پر بہت کام ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور آنے والے ورلڈکپ سے ہمارے پاس بہت کم وقت تھا جس پر ہم نے فزیکل فٹنس پر توجہ دی، اس کیمپ کے بعد ہمیں فزیکل فٹنس کی فکر نہیں رہے گی۔

کپتان نے کہا کہ روزے کے دوران بھی کھلاڑیوں نے ٹریننگ کی اور مزید بہتری کی کوشش کی، یہ کیمپ اس لیے بھی مختلف ہے کہ اس میں کرکٹ نہیں تھی، یہاں صرف فزیکل فٹنس اسپیڈ، پھرتی اور اسٹرینتھ پر کام ہوا۔

اس کےعلاوہ آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تمام کرکٹرز بہتر فٹنس لیول اور معیار کے ساتھ واپس آئیں گے جو کہ آنے والے چیلنجز میں میدان میں اترنے پر نمایاں کردار ادا کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں