عید الطفر کے موقع پر بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری نہ رک سکی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 63 فلسطینی شہید ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے نصیرت کیمپ اور رفح میں شدید بمباری کی جب کہ غزہ کی فراس مارکیٹ میں بھی بمباری کے باعث 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں شمالی غزہ کی پٹی کے جبالیہ کیمپ میں پولیس فورس کے سربراہ رودوان مارے گئے۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 33 ہزار 545 فلسطینی شہید اور 76,094 زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکا نے 2 ریاستوں کے قیام کو مسئلہ فلسطین کاواحد حل قرار دے دیا۔

امریکی ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے کہا کہ غزہ کی صورت حال پر دنیا بھر میں بڑھتی نفرتیں باعث تشویش ہیں، تنازع کے جلد خاتمے اور پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اتفاق نہ ہوسکا، فلسطین نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی رکنیت کی درخواست پر غور کا مطالبہ کیا تھا ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں