پنجاب میں آج گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان

اپ ڈیٹ 14 اپريل 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

صوبائی ذیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے امکانات ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش متقع ہے، اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان ، کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں سیلاب کا بھی امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے شہری محفوظ مقامات پر رہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق عید پر پردیسیوں کی واپسی کا سفر موسمی تبدیلی سے متاثر ہو سکتا ہے، لیاقت پور اور بہاولپور سے لاہور آنے والے مسافر خاص طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت دی کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہے، لینڈ سلائیڈ نگ سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کم سے کم وقت میں ہونی چاہیے، تمام ریسکیو ادارے پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔

بلوچستان میں 7 افراد جاں بحق

دوسری جانب پی ڈی ایم اے بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اب تک آسمانی بجلی اور چھت گرنےکے واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، پشین میں 15 کے قریب گھروں کو نقصان پہنچا ہے، سیلابی ریلےکے باعث بند ہونے والے ہنہ، اوڑک اور چشمہ اچوزئی کے راستے بحال ہوگئے ہیں۔

صوبائی ذیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ کیچ کےعلاقے تمپ میں سیلابی ریلے میں پھنسے 7 افراد کوریسکیو کرلیا گیا، درہ بولان میں پنجرہ پل کے مقام پر وقفے وقفے سے پانی کا بہاؤ جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہری اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی۔

کراچی سمیت سندھ میں بارش کی پیشگوئی

اس کے علاوہ آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

موسم کاحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج اور کل کراچی، سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر مقامات پر آندھی اور بارش متوقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں کہیں معتدل اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان میں بھی مغربی موسمی سسٹم اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ رحیم یار خان اور لودھراں سمیت مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے اموات کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ رحیم یار خان کی تحصیل خانپور کی بستی کھوکھراں فیروزہ میں پیش آیا، جہاں میاں بیوی بجلی کی زد میں آکر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، دونوں کی شناخت 45 سالہ حفیظ اور 40 سالہ کلثوم کے نام سے ہوئی ہے۔

بجلی گرنے کے ایک اور واقعے میں نواحی علاقے کی بستی رکن پور میں 2 کم عمر بچے جاں بحق ہوگئے۔

اسی طرح لودھراں میں بھی بارش کے دوران بجلی گرنے سے کھیتوں میں کام کرنے والی ایک خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔

دوسری جانب گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تربت میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلے میں 10 افراد پھنس گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں