کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں خودکش دھماکے کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے ہلاک 2 دہشت گردوں اور جاں بحق ایک سیکیورٹی گارڈ کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ مانسہرہ کالونی میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا، ایک نامعلوم حملہ آور کے سر پر گولیاں لگی تھیں جب کہ دوسرے نامعلوم حملہ آور کی لاش ٹکڑوں میں ملی تھی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا کہ 45 سالہ سیکیورٹی گارڈ نور محمد کی کھوپڑی میں دھماکے کے نتیجے میں چوٹ لگی تھی جو دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ حملے کے دوران زخمی ہونے والے دو راہگیروں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

یاد رہے کہ آج صبح 7 بجے کے قریب لانڈھی کے علاقے مرتضیٰ چورنگی کے قریب 5 غیر ملکی افراد ہائی ایس وین میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک خود کش دھماکا ہوگیا، حملے میں تمام غیر ملکی محفوظ رہے تھے۔

ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے میں پانچوں جاپانی محفوظ رہے، تاہم ان کے ساتھ موجود ایک سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا، خودکش دھماکے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ گاڑی کے پیچھے ایک اور خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

ڈی جی آئی جی نے بتایا کہ دوسرے دہشت گرد نے گاڑی پر فائرنگ کی، غیرملکیوں کےہمراہ موجودسیکیورٹی گارڈ نےدہشت گرد سے مقابلہ کیا، قریب ہی موجود پولیس دھماکے کی آواز سن کرپہنچی، شرافی گوٹھ تھانےکے اہلکاروں نے بھی دہشت گرد سے مقابلہ کیا۔’

ان کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا، واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوا۔

ان کے علاوہ 2 راہگیر زخمی بھی ہوئے تھے، چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سیکیورٹی گارڈ 45 سالہ نور محمد ولد محمد صدیق کے علاوہ 45 سالہ لنگر خان ولد ساون خان اور 25 سالہ سلمان ولد صادق مسیح شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں