کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں 19 اپریل کو غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب خود کش حملے کے تین مقدمات محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سرکاری مدعیت میں واقعے کے مقدمہ 2 روز بعد سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 19 اپریل کی صبح 7 بجے کے قریب لانڈھی کے علاقے مانسہرہ کالونی کے قریب 5 غیر ملکی افراد ہائی ایس وین میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک خود کش دھماکا ہوا تھا۔

ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے میں پانچوں جاپانی محفوظ رہے، تاہم ان کے ساتھ موجود ایک سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا، خودکش دھماکے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ گاڑی کے پیچھے ایک اور خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا جو پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

پولیس مقابلے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا، واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت سہیل کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بلوچستان کے ضلع پنجگور سے تھا۔

تحقیقات میں اہم پیش رفت کے دوران معلوم ہوا تھا کہ حملے میں مارا گیا دہشت گرد سرکاری ادارے کا برطرف اہلکار تھا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دہشت گرد سہیل نے سال 2014 میں دہشت گرد تنظیم بی ایل ایف میں شمولیت اختیار کی اور ان کا سرگرم ٹارگٹ کلر تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں