• KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am
  • KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am

سندھ میں ہیٹ ویو: جیکب آباد، دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچ گیا

شائع May 23, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ کے 12 شہروں میں ہفتہ بھر جاری رہنے والی ہیٹ ویو کے دوسرے روز پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بدھ کو جیکب آباد، دادو اور موہنجو داڑو نا صرف سندھ بلکہ ملک کے گرم ترین علاقے تھے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔

روہڑی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، پڈعیدن اور شہید بینظیر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ مٹھی میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ، چھور میں 46.5، سکرنڈ اور حیدرآباد میں 45.5، میرپورخاص اور ٹنڈوجام میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ، بدین میں 43 اور ٹھٹھہ میں 38.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ کم از کم 5 شہروں میں ریکارڈ کیا گیا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت عام درجہ حرارت (ایک مخصوص علاقے کا ماہانہ اوسط درجہ حرارت) سے 5 ڈگری سیلسیس زیادہ تھا۔

مثال کے طور پر مٹھی میں درجہ حرارت معمول سے 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا، اس کے بعد جیکب آباد، روہڑی، سکھر اور موہنجو داڑو میں 5 ڈگری، چھور میں 4.3، میرپورخاص میں 4.2، پڈعیدن میں 3.7 اور لاڑکانہ میں 3.6 ڈگری زیادہ تھا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی فضا میں موجود ہائی پریشر ایریا کے باعث بالائی اور وسطی سندھ کے بالائی علاقوں میں ہیٹ ویو بتدریج شدت اختیار کرے گی۔

کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت زیادہ نمی کے ساتھ 37.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ موسم کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب محسوس کی گئی۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر ایس سرفراز نے کہا کہ موسم کی موجودہ صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسم میں مزید شدت آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت 4-5 جون تک سخت موسم کا سامنا رہے گا، تاہم 27 مئی کے بعد درجہ حرارت میں قدرے کمی آئے گی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2024
کارٹون : 14 جون 2024